بیرونی ایجنڈا کی طرف لے جانے والے پیچھا چھوڑیں، ریاست ہم پر اعتماد کرے: فضل الرحمن
لاہور/ سکھر (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ)متحدہ مجلس عمل کے صدر جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے پاکستان اب دینی قوتوں کا ہے، پاکستان کو لوٹنے والے، پاکستان کو سیکولر بنانے والے، پاکستان کو بیرونی ایجنڈے کی طرف لے جانے والے اب پاکستان کا پیچھا چھوڑیں اب یہاں راج دینی قوتیں کریں گی، اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں کوئی بیرونی ایجنڈا ہم نہیں چلنے دیں گے، مستقبل دینی قوتوں کا ہے، عوام دینی قوتوں کے ساتھ ہے جو لوگ پاکستان کو سیکولر ریاست بنانا چاہتے ہیں ان کے لئے بہتر ہے وہ کسی سیکولر ریاست میں چلے جائیں ہم پاکستان کے شہداءکے خون کے ساتھ کسی کو غداری نہیں کرنے دیں گے۔ اسلام اس ملک کا مقد ر، مدارس اسلام کے پیغام کو آگے بڑھانے کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں، مدارس کےخلاف ہر سازش کا ہر محاذ پر مقابلہ کیا جائے گا اور وطن عزیز کےخلاف سازشوں کو بھی ناکام بنائیں گے۔ 2018ءکے انتخابات میں دینی قوتیں سیکولر قوتوں کو شکست سے دوچار کریں گی۔ جے یو آئی کے میڈیا سیل سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جامعہ حمادیہ منزل گاہ و جامعہ اسلامیہ لاڑکانہ میں ختم بخاری وتقسیم اسناد کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا علماءکو سیاست میں حصہ لینے پر تنقید کا نشانہ بنانے والوں پر واضح کرتا ہوں اس ملک میں علماءکی سیاسی جدوجہد سے ہماری ماں، بیٹی اور بہن کو تحفظ حاصل ہے۔ علماءاسمبلیوں میں نہ ہوتے تو یہ ملک سیکولر سٹیٹ ہوتا۔ انہوں نے کہا ہم اداروں میں تصادم نہیں چاہتے ہر ادارے کے لئے آئین میں حدود تعین کردی گئی کوئی ادارہ اپنی آئینی حدودسے باہر نہ نکلے تو ملک میں کوئی بحران نہیں آ سکتا۔ انہوں نے کہا پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کر نے کے لئے بین الاقوامی ایجنڈے کے تحت سازشیں کی جارہی ہیں ہم نے پہلے بھی ان سازشوں کو ناکام بنایا اور آئندہ بھی ناکام بنائیں گے۔ ملک کی ترقی جمہوریت کی مضبوطی سے مضمر ہے۔ انہوں نے کہا ہم جمہوریت اور آئین کے راستے سے ملک میں اسلام کانفاذ چاہتے ہیں مجھے اس راستے سے ایسا ممکن نظر نہیں آتا تو اعتماد کو ٹھیس پہنچتی ہے ریاست ہم پر بھی اعتماد کرے۔ انہوں نے کہا بے حیائی ناچ گانے کو روشن خیالی کا نام دینا شرمناک ہے۔ مولانا محمد امجد خان نے کہا آئین کی اسلامی دفعات کے تحفظ کے لیئے علماءپارلیمنٹ میں جدوجہد کرتے رہے اور کر رہے ہیں علماء نے پارلیمنٹ میں چوکیداری کی ہے آئندہ بھی کریں گے۔ مولانا راشد خالد محمود سومرو نے کہا اسلام کے نام پر بننے والے ملک کو لادین ریاست بنانے کے خواب دیکھنے والے بری طرح نا کام ہوں گے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے سکھر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا 70 سال بعد بھی وہیں ہیں جہاں تھے۔ آئندہ انتخابات میں جبر کے دور کا خاتمہ ہو گا۔ انتخابات 2018ء میں مخالفین کو شکست دیں گے۔ آئی این پی کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا ملک میں سیاسی بحران پیدا کیے جارہے ہیں، فیصلے اسمبلیوں میں نہیں باہر ہورہے ہیں، ملک کی معیشت تباہ ہوچکی ہے۔ 70 سال گزرنے کے باوجود جمہوریت مستحکم نہیں ہوسکی، ملک میں سیاسی بحران پیداکیے جارہے ہیں۔ ہم اقتدار تک پہنچنے کےلئے ووٹ کی پرچی کا استعمال کرتے ہیں،آئندہ الیکشن جبر کے دور کا خاتمہ کر دے گا، کارکن الیکشن کی تیاری کریں۔
فضل الرحمن