ٹیکسٹائل، دوا سازی چین اور بھارت کے مابین101 تجارتی معاہدوں دستخط ہو گئے
نئی دہلی (آئی این پی) چین اور بھارت کے مابین101 تجارتی معاہدوں دستخط ہو گئے ہیں۔ چینی تجارتی وفد نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاشی تعلقات میں فروغ کا رجحان برقرار، دوطرفہ تعاون کی بدولت نمایاں ثمرات حاصل ہوئے ہیں۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چینی وزارت تجارت کے زیراہتمام ایک چینی تجارتی گروپ ان دنوں بھارت کے دورے پر ہے جس کا مقصد تجارتی معاشی تعلقات کی مضبوطی اور دونوں ممالک کے درمیان ٹھوس تعاون کا فروغ ہے۔ تجارتی گروپ میں چین کی وزارت تجارت کے اہلکاروں سمیت ٹیکسٹائل، دوا سازی ، پیٹرو کیمیکل صنعت، زراعت سمیت دیگر شعبہ جات سے تیس سے زائد نمائندے شامل ہیں۔ چینی گروپ اور بھارت کی وزارت تجارت و صنعت کے اشتراک سے نومبر میں شنگھائی میں منعقد چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو کے حوالے سے ایک آگاہی تقریب کا انعقاد کیا گیا جبکہ چین۔بھارت تجارتی تعاون کے منصوبوں پر بھی دستخط کیے گئے۔ چینی وفد کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مجموعی طور پر ایک سو ایک تجارتی معاہدوں دستخط کیے گئے ہیں۔تقریب میں شریک چینی حکام نے کہا کہ حالیہ برسوں میں چین اور بھارت کے درمیان تجارتی معاشی تعلقات میں تیز رفتار ترقی کا رحجان برقرار رہا ہے جبکہ دو طرفہ تعاون کی بدولت نمایاں ثمرات حاصل ہوئے ہیں۔ بھارتی حکام کی جانب سے کہا گیا کہ چینی وفد کے دورہ بھارت سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تجارتی تعلقات کے فروغ کے حوالے سے ایک عملی پلیٹ فارم میسر آیا ہے جبکہ دورے سے اس بات کی عکاسی بھی ہوتی ہے کہ چینی حکومت فریقین کے درمیان دو طرفہ تجارت کو اہمیت دیتی ہے۔
بھارت چین معاہدہ