• news

نواز شریف کا ایک اور وعدہ پورا کر دیا، مریم اورنگزیب پی ایس ایل چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو مبارکباد

اسلام آباد + کراچی (اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر مملکت اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پی ایس ایل کا فائنل جیتنے پر مبارکباد دی اور کھلاڑیوں کے شاندار کھیل اور اعلی کارکردگی کی تعریف کی ہے۔ اپنے پیغام میں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ایس ایل نے پاکستان کے عوام کو خوبصورت تفریح فراہم کی، جس جذبے سے تمام ٹیموں نے میچ کھیلے وہ قابل ستائش ہے۔ شائقین نے ان میچوں سے بھرپور لطف اٹھایا جس سے پورے ملک کی عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ نجم سیٹھی کی قیادت میں پی سی بی کی کارکردگی کو سراہتے ہیں۔ پی ایس ایل میچوں کے شاندار انعقاد اور بہترین انتظامات پر پنجاب اور سندھ کی حکومتیں پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی مبارک باد کے مستحق ہیں۔ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے مستقبل میں بھی قوم کو ایسی خوشیاں دیتے رہیں گے۔ علاوہ ازیں کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کراچی میں پی ایس ایل کے فائنل کا انعقاد شہر قائد کے پھر سے روشنیوں کا شہر بننے کی دلیل ہے۔ نواز شریف کا ملک سے اندھیرے مٹانے، امن کو بحال اور کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنے کا ایک اور وعدہ پورا ہو گیا۔ کراچی کی خوشیوں پر پوری قوم اور بالخصوص کراچی کی عوام کو مبارکباد دیتے ہیں۔ جس شہر میں خوف کے سائے منڈلاتے تھے اسی شہر میں لوگ جوق در جوق میچ دیکھنے آئے شہریوں کا جذبہ اور ولولہ لائق تحسین تھا۔ قوم کی لازوال قربانیاں شہر قائد میں امن کی بحالی اور خوشیوں میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام قومی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کی آمد سے ملک میں کھیلوں کی سرگرمیاں فروغ پا رہی ہیں اور قوم کا جذبہ بڑھا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پورے ملک کو ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنا رہی ہے کراچی کی خوشیوں پر پوری قوم اور بالخصوص کراچی کی عوام کو مبارکباد دیتے ہیں۔ اللہ تعالی میرے وطن پر یہ بہار اور اس کی خوشیاں سدا سلامت رکھے۔
مریم اورنگزیب

ای پیپر-دی نیشن