• news

چیئرمین سینٹ پر پی پی کا ٹیگ کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہے: ناہید خا ن

لاہور (این این آئی) سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کی اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کی وجہ سے ان کیلئے سپیس کم ہو رہی ہے، ملک میں بلا تفریق احتساب ہونا چاہیے اور انتخابات میں ملک کا پیسہ لوٹنے اور ٹیکسز چوری کرنے والوں کا راستہ روکنے کیلئے انتہائی باریک چھاننی لگانے کی ضرورت ہے، پیپلز پارٹی کا جو ووٹ بینک کم ہو گیا ہے وہ کسی کے متحرک ہونے یا زرداری ڈاکٹرائن سے واپس نہیں آ سکتا۔ ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے ناہید خان نے کہا اگر نواز شریف پانامہ میں نام آنے کے بعد سٹیپ ڈائون کر دیتے اور پارلیمنٹ کے ذریعے نئے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دیتے تو آج صورتحال اس نہج پر نہ پہنچتی لیکن انہوں نے اس وقت بھی پارلیمنٹ کو فوقیت نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کا آپس میں لڑنا اچھا عمل نہیں اور اس وجہ سے ملک میں عجیب تماشا لگا ہوا ہے جس سے عوام بھی پریشان ہیں۔ ناہید خان نے چیئرمین سینٹ کی کامیابی میں پیپلز پارٹی کے کردار کے سوال کے جواب میں کہا کہ چیئرمین سینٹ پر اپنا ٹیگ لگانا کھسیانی بلی کھمبا نوجے کے مصداق ہے، اگر ضمیر کے سودے کئے جائیں گے تو یہ سیاست کیلئے اچھا شگون نہیں ہوگا۔ جب تک پارٹی کو نقصان پہنچانے والوںکا کڑا احتساب اور پارٹی کو شہید قیادت کے نظریے کے مطابق نہیں چلایا جاتا اس وقت تک پیپلز پارٹی اپنے پائوں پر کھڑا نہیں ہو سکتی۔

ای پیپر-دی نیشن