• news

ترکی کا شمار پاکستان کے بہترین دوستوں میں ہو تا ہے: ایاز صادق

جنیوا (آئی این پی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ترکی کا شمار پاکستان کے بہترین دوستوں میں ہوتا ہے، پاکستان ترکی کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک مذہب، تاریخ اور ثقافت کے اٹوٹ بندھن میں بندھے ہوئے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ تعلقات پارلیمانی رابطوں سے مزید بہتر اور دیرپا ہوسکتے ہیں۔ سوئٹزرلینڈکے شہر جنیوا میں 138ویں بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) اسمبلی کے دوران ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر اسماعیل کراہمان سے گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے لوگوں کے ایک دوسرے کے لیے احترام اور دوستی کے مثالی جذبات ہیں جنہیں دونوں ملکوں کے درمیان بہتر معاشی تعاون کے ساتھ مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔سپیکر نے پاکستان اور ترکی کی دوستی کو ایک’’ تاریخی تنظیم ‘‘کی اصطلاح دیتے ہوئے کہا کہ یہ رشتہ دونوں اقوام کے دلوں اور دماغوں میں سمایا ہوا ہے۔ پارلیمانی تبادلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں پارلیمانوں کے درمیان بہترین اور تواتر سے رابطے ہونا بہت ضروری ہے کیونکہ انہی رابطوں سے ہی ایک دوسرے کے جذبات اور خیالات سے ہم آہنگی کے مواقع میسر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی تعاون کو موثر بنانے کے لیے ترکی اہم کردار ادا کر رہا ہے اور سٹرٹیجی اعتبار سے پاکستان ترکی پر بڑا انحصار کرتا ہے۔اس موقع پر ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر اسماعیل کراہمان نے کہا کہ ترکی پاکستا ن کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کرنے میں عمل پیرا ہے اور دوطرفہ رابطوں کو فروغ دینے میں کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن