• news

مسیحی برادری نے پام سنڈے کا تہوار جوش وجذبہ سے منایا‘ چرچز میں خصوصی عبادات کا اہتمام‘ ملکی سلامتی کیلئے دعائیں

گوجرانوالہ‘ لاہور ( نمائندہ خصوصی +این این آئی)پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری نے پام سنڈے (کھجوروں کا اتوار) کا تہوار روایتی جوش و جذبہ سے منایا۔ اس سلسلہ میں سینٹ فرانسیس زیوئر چرچ حافظ آباد روڈ، سینٹ فرانسیس آف اسیسی فرانسیس آباد ، سینٹ جوزف کیتھولک چرچ، سینٹ مارک پیرش کے مختلف چرچز میں عبادات منعقد کی گئی ۔پام سنڈے پر مسیحیوںکی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ بچوں ، عورتوں اور مردوں نے کجھوروں کی ڈالیاں اٹھائی ہوئی تھیں اور وہ بلند آواز سے ہوشعنا کے نعرے بلند کر رہے تھے۔ بچوں اور بچیوں نے جلوس کے شرکاء کے راستے میں پھولوں کی پتیاں نچھاور کر تے ہوئے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔ مختلف روحانی اجتماعات سے فادر فرانسیس چمن پیرش پریسٹ سینٹ جوزف کیتھولک چرچ ، فادر اشرف گل پیرش پریسٹ سینٹ فرانسیس زیوئر چرچ، فادر عمانوایل احمد معاون پریسٹ سینٹ فرانسیس زیوئر چرچ اور فادر طارق جارج پیرش پریسٹ سینٹ مارک پیرش نے روحانیت ، اخوت ، محبت اور بھائی چارے کی اہمیت پر زور دیا۔ پام سنڈے کے موقع پر چرچز میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں امن، صلح اور سلامتی کے فروغ ،دہشت گردی کے خاتمے اوروطن عزیز کے لیے جانیں قربان کرنے والے پاک فو ج ، پولیس اور دیگر شہداء کے لیے بھی خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ این این آئی کے مطابق پام سنڈے روایتی طور پر حضرت عیسیٰؑ کے یروشلم میں داخلے سے منسوب ہے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے بھی فول پروف انتظامات کئے گئے۔ مسیحیوں کی روایات کے مطابق آج پیر سے مقدس ہفتے کا آغاز ہو گا۔ مسیحی رواں ہفتے گڈ فرائیڈے جبکہ آئندہ اتوار کو اپنا سب سے بڑا مذہبی تہوار ایسٹر منائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن