گندے پانی سے جنازہ گزرنے کی تصاویر پر ازخود نوٹس، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ آج سپریم کورٹ پیش ہونگے
اوکاڑہ(نامہ نگار) ڈپٹی کمشنرا وکاڑہ چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کی جانب سے گندے پانی سے جنازہ گزرنے کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد لئے جانے والے از خود نوٹس کی سماعت کے سلسلہ میں آج سپریم کورٹ میں پیش ہونگے۔ اس سلسلہ میں حلقہ کے ایم پی اے صوبائی وزیر رضا علی گیلانی، ایم این اے رائو اجمل، ٹائون کمیٹی حجرہ کے چیئرمین حیدر گیلانی، چیف آفیسر حجرہ محمد جمیل علاقہ کونسلر نایاب کاشف کو بھی چیف جسٹس نے طلب کر رکھا ہے۔ ڈپٹی کمشنرا وکاڑہ نے صحافیوں کو بتایا کہ چیف جسٹس کی جانب سے اس معاملہ کا از خود نوٹس لینے کے فوری بعد میں خود موقع پر پہنچا اور تحقیقات کیں تو معلوم ہوا کہ اس علاقہ میں بچھایا جانے والا سیوریج 30سال پرانا ہے جس میں گوبر کی وجہ سے اکثر بندش رہتی ہے۔ سیوریج لائن بوسیدہ ہونی کی وجہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ارشاد کے مطابق انہوں نے ٹائون کمیٹی حجرہ ،میونسپل کمیٹی دیپالپور کی مشینری سے اس علاقہ کی سیوریج لائن کی مکمل صفائی کروائی ہے جس کے بعد اب سیوریج لائن مکمل چالو اور بحال کر دی گئی ہے۔اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ چیف جسٹس آف پاکستان کو پیش کی جائیگی۔