• news

یہودی شرپسندوں کا مذہبی تہوار پر مسجد اقصیٰ میں جانور قربان کرنے کا منصو بہ

مقبوضہ بیت المقدس (اے این این) فلسطین میں قائم صہیونی ریاست کی انتہا پسند یہودی تنظیمیں مسجد اقصیٰ میں تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ ایک قدم اور آگے بڑھ کر قبلہ اول میں ایسٹر کی قربانی دینے کے مذموم اور اشتعال انگیز اقدام کی تیاری کررہی ہیں۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیکل سلیمانی کے پرچم تلے جمع یہودی مذہبی گروپوں کے اتحاد نے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کو ایک مکتوب ارسال کیا ہے جس میں علاقائی اور عالمی حالات نے یہودیوں کے لئے جبل المکبر (مسجد اقصیٰ) میں ایسٹر تہوار کے موقع پر جانوروں کی قربانی دینے کی راہ ہموار کردی ہے۔ مکتوب میں مزید کہا گیا ہے کہ ہیکل سلیمانی کی مسماری کے بعد اس جگہ پر جانوروں کی قربانی دینے کی بار بار کوشش کی گئی ہے مگر ایسا نہیں ہوسکا ہے۔ عبرانی ٹی وی 7کی رپورٹ کے مطابق یہ مکتوب ہیکل سلیمانی اتحاد نامی گروپ کی طرف سے جاری کیا گیا ہے۔ یہ اتحاد 15 سال قبل قائم کیا گیا تھا جس کی نگرانی اور باقاعدہ سرپرستی القدس میں قائم یہودی بلدیہ کررہی ہے۔ ماضی میں یہ گروپ خفیہ طورپر سرگرم رہا ہے مگر حالیہ ایام میں اس کے عناصر کھلے عام اپنے اجلاس منعقد کرتے اور قبلہ اول کی جگہ ہیکل سلیمانی کی تعمیر کا پرچارک کرتے رہے ہیں۔ مسجد اقصیٰ پر دھاووں میں بھی یہ گروپ پیش پیش ہے۔

ای پیپر-دی نیشن