چیئرمین سینٹ سے استعفیٰ مانگنا وفاق پر وار‘ وزیراعظم خود مستعفی ہوجائیں: چانڈیو
لاہور(این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی نے وزیراعظم کے چیئرمن سینٹ اور چھوٹے صوبوں کی توہین اور وفاق پر وار قرار دیتے ہوئے کہاکہ شاہد خاقان عباسی کا بیان چھوٹے صوبوں کے ساتھ نفرت کا اظہار ہے، سندھ اور بلوچستان کی اکثریت سے منتخب چیئرمن سینٹ کے حوالے سے وزیراعظم کا بیان وفاق پر کاری وار ہے۔ پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات مولابخش چانڈیو نے کہاکہ چیئرمن سینٹ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرنے والے وزیراعظم خود کیوں استعفیٰ دے کر چلے نہیں جاتے، نااہل وزیراعظم کے جانشین شاہد خاقان عباسی کو اس بیان کے بعد مستعفی ہو جانا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ منتخب چیئرمن سینٹ کے متعلق وزیراعظم کا یہ بیان (ن) لیگ کی چھوٹی ذہنیت کا عکاس ہے، ثابت ہو گیا کہ چھوٹے صوبوں کو بڑے اداروں میں نمائندگی ملنا (ن) لیگ سے ہضم نہیں ہوا، ایک بار پھر ثابت ہو گیا کہ (ن) لیگ علاقائی جماعت ہے، اداروں کے ساتھ تصادم کر کے ن لیگ جمہوریت، ملک اور وفاق کو کمزور کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نااہل ہونے اور احتساب کے بعد نواز شریف نے عدلیہ اور نیب کو گالیاں دیں۔ سینٹ میں شکست کے بعد نااہل کے وزیراعظم اب چیئرمن سینٹ کو گالیاں دینے پر اتر آئے ہیں۔ متفقہ چیئرمین سینٹ لانا ڈھونگ ہے، یہی ڈھونگ سینٹ انتخابات سے قبل بھی رچایا گیا تھا۔ (ن) لیگ اگر متفقہ چیئرمن سینٹ لاتی تو رضا ربانی کا اعلان نواز شریف خود نہ کرتے۔