کراچی: نقیب اللہ کا ایک اور دوست امان اللہ قتل‘ نعش کار سے برآمد
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں نقیب اللہ محسود کے ایک اور دوست کو قتل کر دیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق اسے انتہائی قریب سے سر میں گولی مار کر قتل کیا گیا۔ فائرنگ نامعلوم افراد نے کی۔ اس کی نعش گزشتہ روز کراچی کے علاقے گلشن بونیر میں گاڑی سے ملی۔ لانڈھی پولیس نے سانیال کے قتل کو قبیلے کے افراد سے رقم کا جھگڑا قرار دیدیا۔ نقیب اللہ کے دوست آفتاب کو بھی ایک ماہ پہلے قتل کر دیا گیا تھا اور ذاتی دشمنی کا نتیجہ کہا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق گولی چلانے والا شخص ڈرائیونگ سیٹ کے پیچھے بیٹھا تھا۔ ملزموں نے ڈرائیونگ سیٹ کا شیشہ بھی توڑا تاکہ ثابت ہو سکے گولی گاڑی کے باہر سے چلی۔ ملزم جلد گرفتار کرلیں گے۔ آئی این پی، صباح نیوز کے مطابق ایس ایچ او محمد علی مروت نے بتایا مقتول کی شناخت 40 سالہ امان اللہ عرف مینل ولد گل ریز کے نام سے ہوئی جس کا تعلق محسود قبیلے سے ہے۔ اہلخانہ نے کہا وہ تدفین کے بعد نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے، مقتول کی لین دین سمیت دیگر معاملات پردشمنی چل رہی تھی۔