• news

بیرون ملک پاکستانیوں کی دولت کا کیس‘ رقوم واپسی کے لئے13 رکنی کمیٹی قائم

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے پاکستانیوں کی بیرونی ممالک کے بنک اکاؤنٹس میں رکھی گئی دولت سے متعلق کیس میں 13رکنی کمیٹی تشکیل دیدی۔ گورنر سٹیٹ بنک طارق باجوہ، سیکرٹری خزانہ عارف احمد خان، چیئرمین ایف بی آر طار ق پاشا بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے فارن اکاؤنٹس سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے غیر ملکی بینکوں میں پاکستانی دولت کی واپسی کیلئے قواعد و ضوابط طے کر نے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی۔6نکاتی ضابطہ کار میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی غیر ملکی فارن اکاؤنٹس کا تجزیہ کیا جائے گا، پاکستان کے غیر ممالک کیساتھ معاہدوں کا جائزہ لیا جائے گا، پاکستانیوں کے بیرونی ممالک میں بنک اکاؤنٹس کو تلاش کیا جائے گا، دولت واپس لانے کیلئے دنیا کے مختلف ممالک کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کا مطالعہ کیا جائے گا، پاکستانیوں کے فارن اکاؤنٹس کی شناخت کیلئے قانون سازی کی جائے گی، قانونی سقم نشاندہی اور نئی نئی قانون سازی کیلئے تجاویر دی جائیں گی، پاکستانیوں کا رضاکارانہ رقوم واپسی کیلئے طریقہ کار طے کیا جائے گا۔ عدالت نے حکم دیا کہ کمیٹی ضابطہ کار کا جائزہ لیکر تین ہفتوں میں جواب دے۔

ای پیپر-دی نیشن