• news

جمہوریت کے لئے جدوجہد جاری رہے گی‘ امپائر کے اشاروں پر چلنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں: نوازشریف

لاہور+ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ 2013ء میں کراچی میں امن کی بحالی اولین ترجیح تھی، شہر قائد کی روشنیاں واپس لانے میں حکومت کامیاب رہی، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ممکن ہو گئی، پاکستان کا مستقبل جمہوریت میں ہے، جمہوریت کی بالادستی کیلئے جدوجہد جاری رکھوں گا۔ اپنے خلاف ہونے والے فیصلے کو نہیں مانتا، امپائر کے اشاروں پر چلنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں، نظام عدل کی بحالی اولین ترجیح ہے۔ ووٹ کو عزت دو، قومی نعرہ بن چکا ہے۔ مسلم لیگ ن کی مقبولیت میں اضافہ ہوا۔ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن ہی کامیاب ہو گی مجھے نکال کر پاکستان سے زیادتی کی گئی ملکی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے احتساب عدالت میں کچھ ثابت نہیں ہو سکا، میرے خلاف ثبوت اکٹھے کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہمیں انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ہم بھاگنے والے نہیں، ڈٹ کر مقابلہ کریں گے عوام کے ووٹوں کو عزت ملنی چاہئے۔ تمام جمہوریت پسند قوتوں کو اکٹھا ہونا چاہئے بیگم کلثوم نواز کی طبیعت ٹھیک نہیں وہ بیماری کا بہادری سے مقابلہ کر رہی ہیں ۔ جاتی امرا میں گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے مشکلات کے باوجود ملک اور عوام کی خدمت کی ہے اور اللہ نے چاہا تو الیکشن 2018ء جیت کر مسلم لیگ ن کا ایجنڈا مکمل کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، سینیٹر پرویز رشید، سینیٹر آصف کرمانی، سینیٹر رانا مقبول اور دیگر نے سابق وزیراعظم سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے مزید کہا کہ سازشی عناصر نے ساڑھے چار سال سے زائد عرصے میں مسلم لیگ ن کی حکومت کی راہ میں جو رکاوٹیں حائل کیں، دھرنے اور لاک ڈائون ہوئے ان کا ایک ہی مقصد تھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کو عوام کو خوشحالی کی منزل تک پہنچانے کی کوششوں کو پایہ تکمیل تک پہنچنے سے روکا جائے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے دہشت گردی، لوڈشیڈنگ اور بدامنی کے خاتمے کیلئے جو گراں قدر کام کیا عوام اس سے بخوبی آگاہ ہیں اور 2018ء کے الیکشن میں عوام کا فیصلہ سب کے سامنے آ جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کی صدارت میں غیر رسمی مشاورتی اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال، نیب کیسز، نگران سیٹ اپ سمیت پارٹی امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن