جڑانوالہ :قصور کے بعد جڑانوالہ میں بھی بچوں سے زیادتی کا انکشاف‘ 4 ملزمان گرفتار
جڑانوالہ + لاہور (نمائندے نوائے وقت+ آن لائن) قصور کے بعد جڑانوالہ میں بچوں سے جنسی سکینڈل کا انکشاف، سکینڈل میں ملوث 4 ملزمان گرفتار کرلئے گئے۔ وزیراعلیٰ کا نوٹس‘ رپورٹ طلب کرلی۔ ملزمان عرصہ سے معصوم بچوں کو جنسی ہوس کا نشانہ بنا کر ویڈیو ریکارڈ کرکے بلیک میل کرتے تھے پولیس نے مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کر دی۔ بتایا گیا کہ تھانہ سٹی پولیس نے چند ماہ قبل قتل کے مقدمہ نمبر 9بجرم 302درج کیا۔ جس میں ملزم عاقب ، ضیاء ،راشد علی ساکنان62گ ب ، فاران سکنہ 126گ ب کو گرفتار کیا جس میں دوران تفتیش ملزمان سے موبائل فون برآمد ہوا مبینہ طور پر جس میں مختلف بچوں سے جنسی زیادتی کی ویڈیو منظر پر آئیں جس پر پولیس تھانہ صدر نے مقدمہ نمبر43بجرم 377درج کیا ۔ جس میں کاشف سکنہ 125گ ب، عاقب سکنہ 62گ ب، اعجاز بلا شامل تفتیش ہوئے۔ قبل ازیں تھانہ لنڈیانوالہ پولیس نے مقدمہ نمبر 44بجرم 377درج کیا۔ جس میں ملزمان پائے گئے۔ محلہ محمد بی بی کالونی کے محمد شفیق تھانہ لنڈیانوالہ میں مقدمہ نمبر 44درج کروایا تھا جس میں مدعی نے موقف اختیار کیا کہ مذکورہ ملزمان نے پل جگاتن کے قریب سائل کے بیٹے جس کی عمر 17/18سال ہے کو موٹر سائیکل پر بٹھا کر پل نہر جگاتن راجے کی ڈھاریاں میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بناتے رہے۔ دریں اثناء میڈیا پر خبر نشر ہونے پر آر پی او فیصل آباد بلال صدیق کمیانہ نے فوری نوٹس لیا سی پی او فیصل آباداطہر اسماعیل ،ایس پی جڑانوالہ شہباز الٰہی کو ملزمان کو 24گھنٹے میں گرفتار کرنے کی ہدایت کی جس پر ایس ایچ او تھانہ سٹی میاں عابد، ایس ایچ او تھانہ صدر ریاض اٹھوال نے تینوں ملزمان عاقب، راشد، کاشف وغیرہ کو گرفتار کر لیا ‘ تفتیش جاری۔ انسانی حقوق کی تنظیموں ، سماجی و مذہبی راہنمائوں نے قصور سکینڈل کے بعد جنسی سکینڈل میں ملوث عناصر کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کر نے کا مطالبہ کیا۔