واپس نہیں آ رہا‘ مشرف نے رفقا کو بتا دیا: سکیورٹی کا بہانہ نہ بنائیں: وزیر داخلہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) سنگین غداری کیس میں مطلوب سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی پاکستان واپسی موخر ہو گئی ہے۔ مشرف کو خصوصی عدالت آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے چکی ہے۔ پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ نے کہا ہے کہ سکیورٹی کیلئے وزارت داخلہ پر ہرگز اعتماد نہیں کر سکتے۔ سکیورٹی پر اطمینان ہونے تک پرویز مشرف کو واپسی کا مشورہ نہیں دے سکتا۔ پرویز مشرف نے پاکستان میں قریبی رفقاء کو آگاہ کردیا ہے۔ دوسری جانب پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف سکیورٹی کا بہانہ بنا کر پاکستان آنے کا فیصلہ موخر نہ کریں، جونہی وہ پاکستان پہنچیں گے انہیں فول پروف سکیورٹی فراہم کرکے عدالت میں پیش کریں گے، شریف خاندان کے افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کابینہ کی تین رکنی کمیٹی کرے گی، 2013ء تک پاکستان کو خطرناک ترین ممالک میں دیکھا جاتا تھا، آج الحمدللہ پاکستان کا شمار دنیا کے پرامن ممالک میں ہوتا ہے، دہشتگردوں کی کمر توڑ کر پاکستان کی روشنیاںواپس لوٹا دی ہیں۔ سکیورٹی سے متعلق پرویز مشرف کے خدشات بے بنیاد ہیں، پرویز مشرف وطن واپس آنے کا فیصلہ بلاجھجک کریں۔