• news

آمدن سے زائد اثاثے‘ نیب نے کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف تحقیقات کا حکم دیدیا

اسلام آباد (نامہ نگار) چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزامات پرکیپٹن(ر) محمد صفدر کے خلاف جانچ پڑتال کا حکم دے دیا ہے جبکہ امریکہ کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر علی جہانگیر صدیقی اور احمد ہمایوں شیخ کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹرز میں ایک اجلاس ہوا جس میں کئی فیصلے کیے گئے ان فیصلوں کے مطابق اجلاس میں کیپٹن(ر) محمد صفدر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے خصوصاً مانسہرہ میں 300 کنال زمین،30 کنال کا پلاٹ،ایک کنال کاگھر، ٹائون شپ مانسہرہ میں فلور مل کے مبینہ الزامات کی شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا۔اجلاس میں کابینہ ڈویژن سے پی ایم گلوبل سسٹینیبل ڈویلپمنٹ گول ایچیومنٹ پروگرام کے تحت 9 ارب روپے کیپٹن(ر) محمد صفدر کو غیر قانونی طور پر دینے کے مبینہ الزام کی شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا۔ اجلاس میں میسرزایز گارڈن نائن اور میسرز ایگری ٹیک لمیٹڈ اور دیگر کے خلاف انکوائری میں احمد ہمایوں شیخ اور علی جہانگیر صدیقی کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیب تحقیقات کے حوالے سے مسلم لیگ (ن ) کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا ہے کہ واجد ضیا کو کمیٹی میں طلب کرنے پر مقدمات بنائے جارہے ہیں، اپنے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ نیب کی انکوائری پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا ختم نبوت کے تحفظ کا مطالبہ کرنے پر انہیں سزادی جارہی ہے۔ اپنے مطالبے پر کبھی پیچھے نہیں ہٹ سکتا۔انہوں نے کہا کہ میری زندگی کھلی کتاب کی طرح ہے لیکن نیب بار بار طلب کررہا ہے جبکہ نیب کی طلب کردہ ساری دستاویزات اس کودے چکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن