• news

ائرمارشل ارشد ملک کو پاک فضائیہ کے نائب سربراہ مقررکردیا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ائرمارشل ارشد ملک کو پاک فضائیہ کا نائب سربراہ مقرر کردیا گیا۔ ائرمارشل ارشد ملک 12 جولائی 1962ء کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1978ء میں پاک فضائیہ کے 76 ویں جی ڈی پی کورس میں شمولیت اختیار کی اور دسمبر 1983ء میں بطور فائٹر پائلٹ کمشن حاصل کیا۔ وہ کئی تربیتی اور لڑاکا طیارے اڑا چکے ہیں جن میں میراج، ایف 6، ایف 7 پی اور ایف 7 پی جی شامل ہیں۔ اپنے شاندار کیرئیر کے دوران انہوں نے فائٹر سکواڈرن، فلائٹ ونگ، آپریشنل ائربیس اور ریجنل ائرکمانڈ کی کمان کی۔ وہ جے ایف 17 طیارے کی مینوفیکچرنگ اور ڈویلپمنٹ کے سلسلے میں دو سا ل تک چین میں بطور کوآرڈینیٹر تعینات رہے۔ وہ بطور ڈپٹی چیئرمین اور بعدازاں چیئرمین پاکستان ائروناٹیکل کمپلیکس بھی تعینات رہے۔ وہ ائرہیڈکوارٹرز میں ڈائریکٹرز آپریشنز پراجیکٹ، ڈائریکٹر آپریشنل ریکوائرمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ، چیف آف ائرسٹاف کے پرسنل سٹاف آفیسر، اسسٹنٹ چیف آف ائر سٹاف، چیف پراجیکٹ ڈائریکٹر جے ایف 17 اور ڈپٹی چیف آف ائرسٹاف (پرسنیل) کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔ آپ کمبیٹ کمانڈر سکول، ائروار کالج، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور ائرکمانڈ اینڈ سٹاف کالج امریکہ سے فارغ التحصیل ہیں۔ انہیں پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر ہلال امتیاز (ملٹری)، ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن