پاکستان سے محبت رکھنے والے بنگالیوں کو سخت سزا ملنی چاہئے‘ نکالنے کے لئے ہر حد تک جائیں گے: حسینہ واجد
ڈھاکہ (این این آئی) بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان سے اب تک محبت کرنے والے بنگلہ دیشیوں کو سزا ملنی چاہیے۔ دارالحکومت ڈھاکہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے وہ شہری جو ایک خود مختار ملک میں رہتے ہوئے اب تک پاکستان سے محبت کرتے ہیں، انہیں سخت سزا ملنی چاہیے، ہمیں ایسے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جن کی مدد سے بنگلہ دیشی شہریوں میں پاکستان کی محبت ختم ہوجائے جبکہ عوام کو بھی ان لوگوں کے خلاف سخت جواب دینا چاہیے جو پاکستان سے محبت کرتے ہیں، ہم ایسا نہیں کرسکتے تو ہمارا وجود مٹ جائے گا۔ بنگلہ دیشی وزیراعظم نے الزام لگاتے ہوئے کہا بنگلہ دیش ناکامی کی جانب جائے گا تو اس سے پاکستان خوش ہوگا، بالکل ویسے ہی 1975 میں بنگلہ دیش کے حکمران پاکستان کو خوش کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا اس وقت کے بنگلہ دیشی حکمران نہیں چاہتے تھے بنگلہ دیش ترقی کرے اور اسی لیے وہ پاکستانی فورسزکا ایجنڈا مسلط کر رہے تھے۔ واضح رہے یہ پہلی بار نہیں جب بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے پاکستان کے خلاف زہر اگلا ہے۔ اے این این کے مطابق شیخ حسینہ واجد نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا بنگالیوں کے دلوں سے پاکستان کی محبت نکالنے کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔