;جاوید ہاشمی کی ساری سیاسی زندگی قلابازیوں سے عبارت ہے‘ ترجمان نثار
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) ترجمان چوہدری نثار نے کہا ہے کہ جاوید ہاشمی کو تھوک کر چاٹنے کی پرانی عادت ہے وہ ایک سانس میں بڑا بیان دیتے ہیں اور دوسری سانس میں پرانی تنخواہ پر گزارہ کر لیتے ہیں۔ جماعتِ اسلامی سے لیکر جنرل ضیاءالحق کی فوجی حکومت تک، فخر امام سے لیکر نواز شریف تک اور پھر عمران خان سے لیکر دوبارہ نواز شریف تک انکی سیاسی زندگی قلابازیوں اور متلون مزاجی (غیر مستقل مزاجی) سے عبارت ہے۔ حقائق کو مسخ کرنے میں بھی ان کا جواب نہیں۔ انہوں نے جاوید ہاشمی کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 1979ءکے مارشل لاءسے لیکر جنرل مشرف کی فوجی حکومت تک بہت سے موڑ آئے جہاں سول ملٹری تناﺅ سامنے آیا۔ ان تمام واقعات کے دوران چوہدری نثار علی خان کا سول اتھارٹی اور آئین کے حوالے سے کردار ریکارڈ پر ہے۔ مگر آئین و قانون اور جمہوریت کے اس خودساختہ دعویدار اور علمبردار کو ان مشکل اوقات میں ایک لفظ تک بولنے کی توفیق نہ ہوئی۔شاید ایک فوجی حکومت میں وزارت کے مزے لینے اور اس کے بعد ایجنسیوں کے سائے میں مہران بنک کے کالے دھن سے مستفید ہونے کا عمل آڑے آ گیا۔ ہمیں جاوید ہاشمی کی مجبوریوں کا بخوبی احساس ہے اور انکی حالتِ زار پر ترس بھی آتا ہے مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ اس حالتِ زار اور ذہنی کیفیت میں حقائق اور تاریخ کو مسخ کریں اور سفید جھوٹ بولیں۔
ترجمان نثار