پاک بحریہ دشمن کی ہر جارحیت ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے: نیول چیف
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان نیوی بھرپور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی حامل بحری قوت ہے جو دشمن کے کسی بھی جارحانہ اقدام کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کی آپریشنل مشق رباط 2018 کے ڈی بریف سیشن کا کراچی میں انعقاد ہوا جس کے مہمان خصوصی سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی تھے۔ بحیرہ عرب میں پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے مابین مشترکہ آپریشنز کی عملی طور پر جانچ کی گئی۔رباط سلسلے کی مشقوں کا مقصد ظہور پذیر ہوتے ہوئے روایتی و غیر روایتی نوعیت کے ہمہ جہتی خطرات کے پس منظر میں پاک بحریہ کے حربی منصوبوں کا جائزہ لینا ہے۔ بحیرئہ عرب میں پاکستان نیوی اور پاکستان ایئر فورس کے مابین مشترکہ آپریشنز کی عملی طور پر جانچ کرنا بھی ان مشقوں کا ایک اور اہم مقصد ہے۔اپنے اختتامی کلمات میں چیف آف دی نیول سٹاف نے پاک بحریہ کے یونٹس کی حربی صلاحیت اور تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ آپریشنل مشقیں دفاع وطن کے لیے ضروری پیشہ ورانہ تربیت اور تیاری کے حصول کے لیے نہایت اہم ہیں۔ نیول چیف نے مزید کہا کہ پا ک بحریہ کے تمام بحری اور فضائی یونٹس اور افسران اور سیلرز کو ہمہ وقت چوکنا اور جنگی اعتبار سے تیار رہنے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان کی بحری سرحدوں اور مفادات کا موثر انداز میں تحفظ کیا جاسکے۔
نیول چیف