قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی تجارت و ٹیکسٹائل کا اجلاس‘ ایران کیساتھ تجارت بڑھانے پر زور
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت وٹیکسٹائل نے ایران کے ساتھ تجارت بڑھانے پر زور دیا ہے جبکہ وزارت تجارت کی جانب سے کمیٹی کو بتایا گیا ہے کہ سنگا پور اور بھارت پاکستان کے آسیان تجارتی تنظیم کے رکن بننے میں رکاوٹ ہیں۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس پیر کو یہاں اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس کے دوران وزارت تجارت کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سنگاپور پر بھارت کا اثرورسوخ بہت زیادہ ہے۔ آسیان ممالک کیلئے پاکستانی برآمدات میں مسلسل کمی آئی ہے۔ کمیٹی کو بتایا گیاکہ ایران پر عالمی پابندیوں کے باعث پاکستان کو تجارت میں مشکلات درپیش ہیں۔ وزارت تجارت کے حکام نے کہا کہ ایران کے ساتھ بینکنگ روابط نہ ہونے سے تجارت میں اضافہ ممکن نہیں۔ بھارت اور چین ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھا رہے ہیں۔ بھارت اورچین کو خصوصی مراعات بھی حاصل ہیں، وزیر تجارت پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان کی مجموعی برآمدات میں بہتری آرہی ہے۔ ملک میں کاروباری لاگت میں مزید کمی لائی جائے گی۔ حکام نے کہا کہ ایران کے ساتھ تجارت بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، بینکوں پر ایران کے ساتھ تجارت بڑھانے پر زور ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ایران کے ساتھ دو طرفہ تجارت شروع کرلی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی چودھری اسد الرحمن نے کہا کہ پاکستان معاشی تباہی کی طرف جارہا ہے۔ حکومت نے ساڑھے چار سال ضائع کردیئے ہیں۔
قائمہ کمیٹی تجارت