• news

سیکولر‘ لبرل ازم کیخلاف دینی جماعتوں کو متحد کیا‘ مخالفین کے چہرے پیلے پڑ گئے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے ہم نے سیکولرازم اور لبرل ازم کا راستہ روکنے کے لئے دینی جماعتوں کو متحد کیا، ابھی ہم نے سفرکا آغاز ہی کیا ہے تو مخالفین کے چہرے پیلے پڑگئے ہیں، جب ملک میں ہر طرف ایم ایم اے کا ڈنکا بجے گا تو مخالفین کی کیا حالت ہوگی۔ میرا جسم میری مرضی کا نعرہ مغربی اور امریکی ایجنڈا ہے، فحاشی و عریانی کا فروغ برداشت نہیں کریں گے۔ کتنے افسوس کی بات ہے مغرب میں عورت پردے اور اپنے تحفظ کی جنگ لڑ رہی ہے اور پاکستان میں خواتین ہی خواتین کو بے آبرو اور بے پردہ کرنے کی مہم چلا رہی ہیں۔ گلوبلائزیشن کا مطلب امریکنائزیشن ہے، پاکستان اسلام کے نام پر بنا اور اس میں اسلام ہی کا نظام چلے گا۔ ہم جس طرح شیطان سے پناہ مانگتے ہیں اسی طرح ٹرمپ کی جمہوریت سے بھی پناہ مانگتے ہیں، ہم اسلامی جمہوریت اور سیاست کے قائل ہیں۔ حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں اور سودی نظام معیشت کی وجہ سے پاکستانی کرنسی کاغذ کا ٹکڑا بن کر رہ گئی ہے۔ مدارس ہماری تہذیب اور اسلامی شعائر کے مضبوط قلعے، ان کا ہر صورت دفاع کریںگے۔ ہماری حکومت آئی تو آئمہ مساجد اور علماءکو تنخواہیں سرکاری خزانے سے دیں گے۔ منصورہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ تفہیم القرآن مردان میںختم بخاری شریف و تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا مغرب کا خاندانی نظام بکھر چکا، وہ مسلمانوں کو بھی مادر پدر آزاد کرنا چاہتا ہے۔ مغرب عورت کی آزادی کے نام پر دراصل عورت تک رسائی کی آزادی چاہتا ہے۔ گزشتہ دنوں لاہور اور اسلام آباد میں مغربی این جی اوز کی خواتین کا مظاہرہ ہماری روایات نہیں ،مغرب کا ایجنڈا ہے، پاکستان میں مادر پدر آزادی کی حوصلہ شکنی کریں گے۔
سراج الحق

ای پیپر-دی نیشن