پاکستان‘ بھارت کشیدگی عوام کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے: سارک بزنس کانفرنس
کٹھمنڈو(صباح نیوز)جنوبی ایشیائی ممالک کے کاروباری اورصنعتی شعبے نے پاکستان بھارت کشیدگی کو علاقہ کی پسماندہ عوام کی معاشی ترقی میں بڑی رکاوٹ قرار دیا ہے۔سارک چیمبرآف کامرس کے زیراہتمام نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو میں چھٹی بزنس لیڈرز کانفرنس ہوئی ، اس میں پاکستان ، نیپال ، بھارت ، سری لنکا، بنگلہ دیش ، مالدیپ ، بھوٹان اور افغانستان شریک ہوئے جبکہ چین نے بطور مبصر شرکت کی۔سارک کے سیکرٹری جنرل امجد بشیر نے اپنے خطاب میں کہاکہ سارک ممالک میں اقتصادی تعاون کے کئی امور حتمی مراحل میں آکر تکمیل کے منتظر ہیں ۔ پاکستان اور افغانستان کے کاروباری نمائندوں کا کہناتھاکہ حکومتوں کے سیاسی اختلافات نہ ہوں اور باہمی رابطے بڑھائے جائیں تو سارک ، دنیا میں علاقائی ترقی کی بڑی مثال بن سکتی ہے۔سارک چیمبر کے صدر سوراج وائیدیا کا کہنا تھا جب تجارتی اشیا ایک دوسرے کی سرحدوں کے پار نہیں جاتی تو پھر فوجیں سرحد پار چلی جاتی ہیں ، ہمیں نئی نسل کی ترقی کو سیاسی مسائل کی بھینٹ نہیں چڑھنے دینا چاہیئے۔ ماہرین اورمقررین کاکہناتھاکہ علاقائی اورعالمی معاشی ترقی کیلئے چین کا ون بیلٹ ون روڈ نظریہ منفرد اہمیت کا حامل ہے۔کانفرنس میں شریک پاکستانی وفد کا کہنا تھاکہ سارک ممالک میں کاروباری رابطوں کو فروغ دینے کیلئے سی پیک منصوبہ وہ نادر موقع دیتا ہے جس سے تین ارب کی آبادی والا دنیا کا یہ خطہ باہم منسلک ہوکرعوام کی معاشی ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر بناسکتا ہے۔
پاکستانی وفد