• news

مخالفین کی باتوں کا جواب دینے کے لئے وقت نہیں‘ آخری سانس تک عوام کی خدمت کرنا چاہتا ہوں: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ مخالفین کی بے سروپا باتوں کا جواب دینے کیلئے وقت نہیں، آخری سانس تک عوام کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔ مخالفین کی تنقید مجھے عوام کی فلاح و بہبود کے مشن سے نہیں روک سکتی۔ شہبازشریف نے وفود سے گفتگو میں کہا کہ عوام کی خدمت ہی میرا مشن ہے، الزامات کو خاطر میں لائے بغیر ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ ہماری سیاست کا محور پاکستان کی لوگوں کی فلاح و بہبود ہے۔ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے جو کچھ کرنا پڑا، کریں گے۔ ہم نے خلوص نیت اور دیانتداری کے ساتھ شب روز کام کیا جس کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور حقیقت یہ ہے کہ سیاسی مخالفین مسلم لیگ (ن) کے ریکارڈ ساز ترقیاتی ایجنڈا سے خوفزدہ ہو کر ہمت ہار چکے ہیں۔ پاکستان کے باشعور عوام حقیقی سیاسی قیادت کو پہچاننے کا بھرپور ادراک رکھتے ہیں۔ عوامی خدمت کے جھوٹے دعوے نہیں کئے اور نعرے نہیں لگائے بلکہ عملی طور پر کرکے دکھا دیا۔ وطن عزیز کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے مل جل کر کام کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے کیونکہ ملک کو درپیش مسائل اور چیلنجز کا موجودہ حالات میں مل جل کر ہی مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ تیز ترین ترقی اور خوشحالی کیلئے نئی نسل کو جدید علوم اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ حکومت پنجاب تعلیم اور صحت کے شعبوں کی ترقی کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ دہشت گردی کے عفریت اور توانائی بحران پر قابو پانا مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا تاریخی کارنامہ ہے۔ شہباز شریف نے سینیٹر ساجد میر کے بھائی محمد کفیل میر، سابق سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اے کے خالد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن