• news

دہشتگردی کی دفعات کے باوجود لاڈلے کو استثنیٰ مل گیا‘ مریم اورنگزیب

اسلام آباد (نامہ نگار) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایس ایس پی تشدد کیس میں لاڈلے پر دہشت گردی کی دفعات تھیں جس پر اسے استثنی مل گیا لیکن ایک شوہر کو بیوی کی عیادت کے لئے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔منگل کواحتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک عدالت میں اسے استثنی نہیں دیا جا رہا جو ہفتے میں تین تین دن پیش ہو رہا ہے اور ساتھ والی عدالت سے لاڈلے کو استثنی مل گیا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ شوہر اور بیٹی کلثوم نواز کی عیادت کے لئے جانا چاہتے ہیں مگر اجازت نہیں دی جا رہی اور جس پر دہشت گردی کے مقدمات ہیں وہ استثنی حاصل کرلیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ زرداری صاحب کا نیب کورٹ سے ریکارڈ غائب ہو ا اور وہی نیب اس پر ریفرنس کے ریفرنس بنا رہی ہے جس کے خلاف ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج بھی جو صندوق بھر کر لائے جا رہے ہیں ان میں کچھ نہیں، ایک دفعہ وزیراعلی اور 3 مرتبہ وزیراعظم رہنے والے کے خلاف کرپشن کا ایک ثبوت نہیں آیا۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جھوٹوں کے دورے پڑتے ہیں، 2013سے اب تک ان کا جھوٹ اور الزامات کا وطیرہ نہیں بدلا جبکہ خیبرپختونخوا میں کسی اسپتال اور اسکول کی حالت زار بہتر نہیں کی جاسکی۔

ای پیپر-دی نیشن