انتخابات دور تک نظر نہیں آتے، نگران وزیراعظم بنایا تو خوشی کی بات ہوگی: جمالی
تمبو(آن لائن)سابق وزیراعظم ورکن قومی اسمبلی میر ظفراللہ خان جمالی نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی منتخب وزیراعظم نہیں بلکہ بنائے گئے ہیں وزیراعظم کی جانب سے سینٹ چیئرمین کا دوبارہ انتخاب کرانے کا مطالبہ غیر آئینی ہے، سینٹ چیئرمین کا تعلق چھوٹے صوبے بلوچستان سے ہے اس لئے بہت سے لوگوںکو تکلیف ہو رہی ہے وزیراعظم نے حلف اٹھایا ہے اس لئے انہیں ایسی بات نہیں کرنی چاہئے سندھ اور بلوچستان کو ہمیشہ اقتدار سے باہر رکھا گیا، میری مسلم لیگ سے خاندانی وابستگی رہی لیکن اب مسلم لیگ ن سے کوئی وابستگی نہیں اب مسلم لیگ کو مختلف ناموں سے منسوب کر کے اصلی مسلم لیگ کا بیڑہ غرق کردیا گیا ہے متحدہ مسلم لیگ بلوچستان کا قیام لایا گیا تو مسلم لیگ ن کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی نواز شریف کے پچھلے اور موجود سیاسی حالات کا جائزہ لیا جائے تو مستقبل کا نتیجہ خود نکل آئے گا۔ کمشنر آفس ڈیرہ مراد جمالی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ ملک کی خدمت کے لئے نگران وزیراعظم بنایا گیا تو خوشی کی بات ہوگی لیکن ایسا دکھائی نہیں دیتا میں پاکستانی ہوں پاکستان ہے تو ہم ہیں امید پے دنیا قائم ہے لیکن موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر 2018 کے عام متوقع انتخابات دور تک نظر نہیں آتے انہوں نے کہا کہ ملک کے ان حالات میں مسلم لیگ ن کے ساتھ نہیں ہوں مسلم لیگ ہماری بنیادی فیملی پارٹی رہی مگر مسلم لیگ کو سب نے اپنی ذاتی پارٹی بناکر اس کے ساتھ آگے ایک لفظ لگاکر اپنی جاگیر بنادی ہے۔ میں نے پہلا الیکشن پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر لڑا اور میرے والد نے میرا ہاتھ بھٹو صاحب کے ہاتھ میں دیا تھا۔