• news

وعدہ کرنا ہو گا جو بھی ادارہ حدود سے تجاوز کریگا اسکے خلاف کھڑے ہوںگے:اچکزئی

کوئٹہ(بیورو رپورٹ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کہاہے بلوچستان میں ارکان اسمبلی کو شدید دبائو کے بعد مجبور کیا گیا وہ تحریک عدم اعتماد کا ساتھ دیں ،بعض ارکان خودکشی کرنے کو بھی تیار تھے ،سینٹ انتخابات میں منڈی لگی اور وہ شخص سینیٹر بن گیا جو ڈسٹرکٹ کونسل کا ممبر بھی منتخب نہیں ہوسکتا، نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم نے ہمیشہ ملک اور جمہوریت کیلئے قربانیاں دیں اور جیلیں کاٹی ہیں جمہوریت توڑنے یا خراب ہونے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے، پاکستان آزاد فیڈریشن یہاں کوئی کسی کا غلام نہیں، ہمیں پیغام دیا گیا ہم یہ بھی طاقت رکھتے ہیں سینکڑوں ووٹ لینے والے شخص کے پیچھے بلوچستان کے ملائوں ،سرداروں اور بہت سے لوگوں کو لگا سکے اور اسے اقتدار دلواسکتے ہیں، انہوں نے کہا ملک بچانے کا ایک ہی راستہ ہے تمام قوموں کو انکے وسائل دیئے جائے ،جمہوریت کی حکمرانی ہوں اور ہمسایہ ممالک کیساتھ برابری کے تعلقات ہوں ،جو شخص ووٹ کے تقدس اور آئین کا احترام کرے گا ہم اس کیساتھ ہیں ،اور جو ایسانہیں کرے گا تو دمادم مست قلندر یا زندہ باد اور مردہ باد ہوگا، انہوں نے کہا میرا اس بات پر ایمان کی حد تک یقین ہے چیف جسٹس سپریم کورٹ اور چیف آف آرمی سٹاف کو معلوم ہے بلوچستان میں مداخلت کرکے حکومت گرائی گئی وہ بے خبر نہیں ہیں، کیا افواج پاکستان سیاست میں مداخلت نہیں کررہیں ،کیا وہ اپنے حلف کا خیال رکھ رہے ہیں ،ہم نے آئین کے دفاع کا حلف لیا ہے ،جو بھی ڈاکٹرائین ہوگی وہ آئین کی حدود میں ہوگی اگر آئین میں مداخلت ہوئی تو نظام ہل جائے گا تمام جمہوری لوگوں کو چاہیے وہ ایک مشترکہ فرنٹ بنائیں جو ووٹ کے تقدس ،آئین کی بالادستی اور جمہوریت کا دفاع کریں جو جرنیل اپنے حلف کا پاس رکھے گا اس کو سلوٹ کروں گا، ہمیں وعدہ کرنا ہوگا جو بھی ادارہ آئینی حدود سے تجاوز کریگا اسکے خلاف کھڑے ہونگے اور آئین میں کسی قسم کی مداخلت برادشت نہیں کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن