میمو گیٹ‘ نوازشریف معافی مانگیں: مولا بخش چانڈیو‘ وزیراعظم چیف جسٹس ملاقات شکوک میں اضافہ کریگی: خورشید شاہ
لاہور اسلام آباد (ایجنسیاں +وقائع نگار خصوصی +نوائے وقت رپورٹر )پیپلزپارٹی نے نواز شریف کے میموگیٹ سے متعلق اعتراف پر ان سے معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف جتنے بھولے بنتے ہیں اتنے ہیں نہیں وہ ایک بار پھر قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں، نواز شریف کو اب سمجھ آیا کہ میموگیٹ میں عدالت میں نہیں جانا چاہئے تھا، انکا ادھورا اعتراف کافی نہیں۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا نواز شریف جمہوریت کے خلاف جرائم پر قوم سے معافی مانگیں، یہ کیسے لیڈر ہیں جنہیں اتنی سمجھ نہیں کہ کس معاملے میں عدالت میں جانا چاہیے اور کس میں نہیں۔ بدقسمتی سے ایسا شخص مینڈیٹ چرا کر تین بار ملک کا وزیراعظم بنا، نواز شریف کی 35 سالہ سیاست جمہوریت کے خلاف سازشوں سے بھری ہے، ہم کئی بار جمہوریت کی خاطر نواز شریف کے دھوکے میں آئے تاہم اب نواز شریف کی میٹھی میٹھی باتوں میں نہیں آئیں گے۔ سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ چیئرمین سینٹ سے متعلق بیان پر وزیراعظم کا محاسبہ ہونا چاہئے، ان کو شرم آنی چاہئے اس سے بڑی تذلیل سینٹ کی اور کیا ہو سکتی ہے۔ اپوزیشن رہنما خورشید شاہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ملک کے بڑے میڈیا ہاؤسز مالی فائدے کے لئے سیاست دانوں کو لڑاتے ہیں جبکہ ملک کو درپیش اصل مسائل پر بات نہیں کی جاتی۔ میڈیا میں ہمیں مرغوں کی طرح لڑایا جاتا ہے۔ ز پارٹی نے گالی گلوچ کی سیاست کبھی نہیں کی اور نہ ہی ذاتی طور پر حملے کئے جبکہ آج جو مسائل ہیں اس پر بات کرنے کیلئے کوئی تیار نہیں ہے۔ آج سیاستدانوں کی تقاریر میں گالیوں کے سوا کچھ نہیں تاہم ہم اپنے بچوں کو کون سی سیاست سکھائیں گے۔