• news

آبی دہشت گردی: پاکستان کا پانی روکنے کے لئے مزید3 ڈیم بنانے کا بھارتی اعلان

نئی دہلی(اے این این) بھارت کے وزیر مملکت برائے ٹرانسپورٹ و پانی نتن گڈکری نے کہا ہے کہ اتر کھنڈ سے گزرنے والے تین دریاوں پر ڈیم بناکر پانی کو پاکستان جانے نہیں دیں گے۔نتن گڈکری نے ہریانہ میں ایگریکلچرل سمٹ 2018 کی اختتامی تقریب کے دوران پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے اترکھنڈ کے دریائوں پر تین ڈیم بنا کر پاکستان جانے والے پانی کو روک لیں گے تاکہ برسات نہ ہونے کے باعث پیدا ہونے والے پانی کے بحران کے وقت ان ڈیموں کا پانی استعمال کیا جا سکے۔مودی سرکار کے مرکزی وزیر نے مزید کہاجن تین دریاوں کا پانی پاکستان جاتا ہے وہ ایک علیحدہ معاملہ ہے لیکن جن تین نہروں کا پانی بھارت کی تعمیر و ترقی کے لیے ضروری ہے اس پر پہلا حق بھارت کا ہے اس لیے اترکھنڈ کے ان تینوں دریاوں پر علیحدہ علیحدہ 3 ڈیم بنا کر اپنی ضرورت کا پانی جمع کر رکھیں گے۔ ان تینوں ڈیموں سے بھارتی پنجاب، ہریانہ اور راجستھان میں پانی کی کمی کو دور کیا جائے گا۔نتن گڈکری نے کہا تقسیم ہند کے بعد بھارت کے حصے میں تین دریا آئے تھے لیکن ہم ان سے اپنی ضرورت کے مطابق پانی استعمال نہیں کر پاتے تھے اور اضافی پانی پاکستان چلا جاتا تھا جو کہ دونوں ممالک کے درمیان پانی کے معاہدے 1960 کی خلاف ورزی بھی ہے اس لیے وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ان تینوں دریاوں پر ڈیم بنا کر پانی کو جمع کرلیا جائے تاکہ وقت ضرورت کام آسکے۔

ای پیپر-دی نیشن