• news

سکیورٹی انتظامات سے غیر ملکی کھلاڑیوں کا اعتماد بحال ہوا: خواجہ ندیم

لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے سابق رکن اور لاہور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر خواجہ ندیم احمد کا کہنا ہے کہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کا کردار انتہائی اہم ہے۔ وہ نوائے وقت سے گفتگو کر رہے تھے۔یہ پنجاب حکومت ہی ہے جس کی کاوشوں سے آج ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی ہو رہی ہے۔ گذشتہ برس جس اعلی حکمت عملی اور منصوبہ بندی کے ساتھ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اسکی وجہ سے ہی غیر ملکی کھلاڑیوں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوا ہے۔ گذشتہ برس تو صوبائی وزرا سڑک پر ڈیوٹیاں دیتے رہے ہیں یہی وہ جذبہ تھا جو پاکستان کو پرامن بنانے کے لیے وزیراعلی کیطرف سے صوبائی کابینہ اور انتظامیہ کو دیا گیا تھا۔ شہباز شریف نے تمام کاموں کی خود نگرانی کی اور سب کو متحرک رکھا۔ آج ہم بہتر سمت میں سفر کر رہے ہیں۔ ملک میں کرکٹ کی رونقیں بحال ہو رہی ہیں۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کا ہم پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کے لیے امن و امان کا قائم رکھنا سب سے اہم ہے۔ مستقبل میں بھی ہمیں ایسے اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ ملک میں بلا تعطل کرکٹ اور دیگر کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رہ سکیں۔ وزیراعلی پنجاب کھیل دوست شخصیت ہیں اور صوبے میں انہوں نے اس حوالے سے بہتر فیصلے کیے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن