• news

ممتابینرجی مودی کو انتخابات میں چاروں شانے چت کرنے کیلئے سرگرم

لاہور (نیوز ڈیسک) بھارت کے 2019ء میں ہونے والے عام انتخابات میں انتہا پسند ہندو جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اور وزیراعظم نریندر مودی کو دہلی کے تخت سے دور رکھنے اور اپوزیشن کا وسیع تر اتحاد تشکیل دینے کیلئے مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بینرجی حرکت میں آگئیں۔ وہ گزشتہ روز کولکتہ سے نئی دہلی پہنچیں اور نیشنل کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار سمیت کئی رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں اور انتخابات میں بی جے پی کو فتح سے دور رکھنے کے لئے مختلف طریقوں اور لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ یاد رہے شرد پوار نے بھی اس حوالے سے خاصی سرگرمی دکھاتے ہوئے اگلے ہفتے نئی دہلی میں تمام اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی بلا رکھی ہے جس میں لوک سبھا کے الیکشن جیتنے کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ اس کے علاوہ آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ اور بی جے پی سے گزشتہ ماہ اتحاد توڑنے والی جماعت تلگو دیشم پارٹی کے سربراہ چندربا بونائیڈو بھی بی جے پی مخالف اتحاد کی تشکیل کے حوالے سے اگلے ہفتے نئی دہلی آرہے ہیں۔ ممتا بینرجی بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی اور سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادیو کے علاوہ کانگریس کی رہنما سونیا گاندھی، من موہن سنگھ سے ملاقاتیں کریں گی۔ نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ممتا بینرجی نے کہا کہ بی جے پی اب اپنا بوریا بستر گول کرلے۔ انہوں نے کہا کہ میں بی جے پی کیخلاف تیسرا سیاسی محاذ تشکیل دینے کیلئے پٹے دار رہنما ہاردک پٹیل سے بھی ملوں گی۔

ای پیپر-دی نیشن