قصور، فیروز والہ سمیت متعدد شہروں میں 6 خواتین سمیت 8 افراد کی خودکشی
ساہیوال/ ماموں کانجن/ چوک شاہ مقیم/ قصور/ فیروز والہ (نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت) گھریلو حالات سے دلبرداشتہ 6 خواتین سمیت 8 افراد نے خودکشی کرلی۔ ساہیوال میں 30 سالہ صفیہ نے گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا لیں۔ قصبہ نور شاہ میں 40 سالہ زینب اور 60 سالہ نور الٰہی نے گھریلو تنازعات سے تنگ آ کر زہر پی لیا۔ ماموں کانجن میں ذہنی مریضہ ٹرین کے آگے کود گئی۔ چوک شاہ مقیم کے محلہ شاہ میر حجرہ شاہ مقیم کا امانت علی قوم میں بھٹہ خشت پر محنت مزدوری کرتا تھا، گزشتہ شب کسی بات پر اپنی بیوی کیساتھ جھگڑ ا ہو ا دلبرداشتہ ہوکر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں نگل کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ قصور میں حیدر علی کا اپنے باپ بوٹا اور بھائیوں سے جھگڑا رہتا تھا کہ گزشتہ روز بھی اس کا اہل خانہ سے جھگڑا ہوا تو اس نے طیش میں آکرپھندا لے لیا۔ فیروز والہ میں غربت سے دلبرداشتہ رضیہ بی بی نے زہریلی گولیاں نگل لیں۔ شاہدرہ میں نامعلوم نوجوان نے زہر نگل لیا جبکہ کالا خطائی روڈ کی شریفاں بی بی نے بھی زندگی ختم کرلی۔