چکوال‘ جہلم‘ خوشاب‘ میانوالی میں اڑیال کے تحفظ کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل
لاہور (سپورٹس رپورٹر) چکوال، جہلم ، خوشاب اور میانوالی میں اڑیال کے تحفظ کیلئے 4 خصوصی سکواڈز تشکیل دیدیئے گئے۔ سپیشل اینٹی اڑیال لیمب لفٹنگ سکواڈز، یکم اپریل سے متعلقہ اضلاع میں غیرقانونی شکاریوں کیخلاف کارروائیاں شروع کر ینگے۔ اس امر کا فیصلہ گذشتہ روز ڈائریکٹر جنرل وائلڈلائف اینڈ پارکس پنجاب خالد عیاض خان کی زیر صدارت اجلا س میں کیا گیا جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ہیڈ کوارٹرز محمد نعیم بھٹی، ڈائریکٹر لاہورچڑیاگھر حسن علی سکھیرا اور ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف پبلسٹی عامرمسعود کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اینٹی اڑیال لیمب لفٹنگ آپریشن کو موثر اور نتیجہ خیز بنانے کیلئے ہر سکواڈ کے انچارج اور دیگر اہلکاروں کا انتخاب متعلقہ اضلاع کے بجائے دیگراضلاع سے کیا جائیگا ۔ چاروں سکواڈز اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ مدثر حسن کی زیرسربراہی کام کرینگے جو ہر 15یوم کے بعد ان کی کارکردگی کی رپورٹ ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ہیڈ کوارٹرز اور ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب کوپیش کرینگے۔