مال روڈ پر لیڈی ہیلتھ ورکرز کا دھرنا تیسرے روز بھی جاری، مذاکرات پھر ناکام
لاہور (صباح نیوز)لاہور کے مال روڈ پر لیڈی ہیلتھ ورکرز کا دھرنا بدھ کوتیسرے روز بھی جاری رہا۔دھرنے میں بیٹھی خواتین کاکہنا ہے کہ سروس اسٹرکچر ملے گا تب ہی گھر لوٹیں گے۔ بدھ کو مال روڈ پر لیڈی ہیلتھ ورکرز نے تیسرے روز بھی دھر نا دیا۔ اگرچہ ان کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے لیکن پھر بھی وہ مال روڈ کے چاروں اطراف کی سڑکیں بند کرکے مطالبات کے لیے بیٹھی ہیں۔دوسری رات بھی ان خواتین نے سڑک پر ہی گزاری ہے۔ محکمہ صحت کے دوبارہ ہونے والے مذاکرات بھی ناکام ہوگئے۔لیڈی ہیلتھ ورکرز کا کہنا ہے کہ سروس اسٹرکچر پر وزیر اعلی پنجاب دستخط کر دیں تو خوشی خوشی گھر چلی جائیں گی۔ مال روڈ دھرنے کی وجہ سے کچرا روڈ بن گئی۔ کچرے کے ڈھیر نے اس کی خوبصورتی متاثر کی ہے۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کا عملہ بھی غائب ہے۔مال روڈ اور اس سے ملحقہ سڑکیں بند ہونے سے متبادل سڑکوں پر ٹریفک کا شدید دبائو ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت مال روڈ پر دھرنے اور احتجاج کا سلسلہ ختم کروا دیں تاکہ پیسے اور وقت کا ضیاع نہ ہو۔