• news

لاہور سمیت کئی شہروں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ، دیہات میں دورانیہ 10 گھنٹے تک جا پہنچا

لاہور + گوجرانوالہ (نامہ نگاروں سے+ نمائندہ خصوصی) لاہور سمیت کئی شہروں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ دیہات میں دورانیہ 10 گھنٹے تک جاپہنچا۔ شیخوپورہ سے ہمارے نمائندہ خصوصی کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں بھی غیر اعلانیہ اضافہ ہوگا ہے، شہری حلقوں میں چھ سے آٹھ گھنٹے اور دیہی علاقوں میں نو سے دس گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ نمائندہ نوائے کے مطابق بچیانہ و گرد و نواح میں وقفے وقفے سے لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ اہل علاقہ نے وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اور واپڈا کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ فوری ختم کیا جائے۔ تحصیل شکرگڑھ میں بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ نے نظام زندگی درہم برہم کرکے رکھ دیا، کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گئے، طلبہ و طالبات کو سالانہ امتحانات کی تیاری میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ شہریوں نے بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ نوشہرہ ورکاں سے نامہ نگار کے مطابق حکومتی اعلانات کے برعکس 10 سے 14 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ شروع ہوگئی عوام شدید پریشان۔ یوں تو بجلی کی لائنوں کی مرمت کے نام پر دو سال سے ہر ہفتہ میں تین دن صبح سے شام تک بجلی بند رکھی جاتی ہے۔ گوجرانوالہ ، گکھڑ منڈی میں بھی لوڈشیڈنگ، چھ چھ گھنٹے بجلی بند رہنا معمول بن گیا، کاروبار زندگی معطل ہوکر رہ گیا۔ دوسری طرف نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں درجہ حرارت بڑھ رہا ہے، چھور، تربت میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ ہو گیا جب کہ کراچی اور حیدر آباد میں 41، لاہور میں پارہ35 ڈگری تک پہنچ گیا۔

ای پیپر-دی نیشن