• news

سکھر :گودام کی چھت گرنے سے بچوں ، خواتین سمیت 12 مزدور جاں بحق

سکھر/ دیامر(محمد حسیب شیخ+آن لائن + نوائے وقت رپورٹ) سندھ کے علاقے روہڑی میں کھجور مارکیٹ میں قائم ایک گودام کی چھت گرنے سے 7 خواتین اور 2 بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، جاں بحق ہونیوالے چار افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے،کھجور مارکیٹ میں گودام کی چھت گرنے کے واقعہ کے بعد امدادی کام کے لیے پاک فوج اور رینجرز کے جوان بھی پہنچ گئے۔ اطلاعات کے مطابق روہڑی کے قریب واقع کھجور منڈی آغا قادر داد زرعی مارکیٹ میں واقع ایک گودام کی چھت دھماکے سے اس وقت گری جب مزدور وہاں کام میں مصروف تھے جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر 6 خواتین اور ایک بچے سمیت 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے جن میں سے چار افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایدھی سمیت دیگر رضاکار تنظیموں کے کارکن جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور جاں بحق افراد سمیت تمام زخمیوں کو روہڑی اور سکھر کے سول ہسپتال منقتل کیا۔ ہسپتال ذرائع نے 10 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ کھجور مارکیٹ میں گودام کی چھت گرنے کے واقعے کے بعد امدادی کاموں کیلئے پاک فوج اور رینجرز کے جوان بھی پہنچ گئے۔ امدادی کارکنوں کی جانب سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا اور کہا گیا ہے کہ بڑی تعداد میں مزدور ملبے دبے ہوئے ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق گودام کی چھت پر چھوہاروں کی بوریاں رکھی گئی تھیں جبکہ نیچے کھجور پکانے والی بھٹی تھی جہاں دھماکا ہوا۔ نتیجے میں چھت زمین بوس ہوگئی۔ واقعے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی گئی۔ دریں اثناء دیامر کے سب ڈویژن داریل کے گائوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے، ملبے سے چار نعشوں کو نکال لیا گیا۔ دیامر کی سب ڈویژن داریل کے ایک گائوں میں آبادی سے ملحقہ پہاڑ سے لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 6 افراد ملبے تلے دب کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت چار افراد کی نعشیں ملبے سے نکال لیں مزید دو کی تلاش جاری ہے۔ واقعہ میں کچھ افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ دریں اثنا پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واقعہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے جبکہ صوبائی وزیر اطلاعات ناصر شاہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر سکھر سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن