نئی صف بندی کر کے ملک دشمن سیاسی قوتوں کا بھرپور مقابلہ کرینگے: سمیع الحق
پشاور (بیورو رپورٹ) جمعیت علماء اسلام (س)کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس مولانا سمیع الحق کی زیرصدارت ہواجس میں مرکزی مجلس عاملہ کے ارکان کے علاوہ صوبوں کے امراء اور نظماء نے شرکت کی۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال الیکشن 2018ء اور جمعیت کے تنظیمی امور پر غور کیا گیا اجلاس میں بتایا گیا جمعیت اپنے نام ، پرچم اوراپنے انتخابی نشان پر الیکشن میں حصہ لے سکتی ہے۔ اجلاس میں طے پایا کہ جمعیت علماء اسلام(س) اسلامی نظام کے نفاذ آئین پاکستان کی اسلامی دفعات کے تحفظ اور موجودہ کرپٹ بدعنوان اور ناکام نظام کو تبدیل کرنے کیلئے بھرپورجدوجہد کرے گی اورنفاذ شریعت کی منزل حاصل کرنے کیلئے ایم ایم اے سے باہر دینی جماعتوں سے رابطہ کرے گی۔ اجلاس میں حالیہ سینٹ انتخابات میں ووٹوں کی خریدوفروخت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ملک و قوم کی بدنامی قرار دیتے ہوئے بالخصوص تحریک انصاف کے طرزعمل کو افسوسناک او رمایوس کن قرار دیا گیا، اس سلسلہ میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو براہ راست تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے الیکشن 2018 ء کیلئے انتخابی اتحاد کے سلسلہ میں مذاکرات کرے گی اور سینٹ کے حالیہ انتخابات اور الیکشن 2018ء کیلئے قومی اور صوبائی سیٹوں پر جمعیت کے موقف سے آگاہ کرے گی اور اپنی رپورٹ مجلس شوریٰ کے اجلاس میں پیش کرے گی۔ اجلاس میں ملکی صورت حال پر تشویش کا اظہارکیا گیا۔ اداروں کے درمیان ٹکراؤ کی پالیسی اور کرپشن کے تحفظ کیلئے کی جانے والی کوششوں پر نفرت کا اظہار کیا گیا حکمران جماعت اور اس کے اتحادیوں کے طرزعمل کو افسوسناک قرا ردیا گیا اور اسے ملکی سالمیت کیلئے خطرناک قرا ردیتے ہوئے محب وطن قوتوں سے اپیل کی گئی وہ اپنا کردار ادا کریں۔ جمعیت علماء اسلام (س) اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس منعقدکرکے استحکام پاکستان کی جدوجہد کو منظم کرنے میں اپنا قائدانہ کردار ادا کرے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق نے کہا کہ پارلیمانی نظام میں جمعیت اپنے کردار کیلئے نئی صف بندی کرے گی اور محب وطن قوتوں کو متحد کرکے اداروں میں تصادم اور ملک کو غیر مستحکم کرنے والی سیاسی قوتوں کا بھرپور مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے جمعیت کی مرکزی مجلس عاملہ کے ارکان کو تاکید کی کہ وہ ملک کے مظلوم طبقوں کی آواز بلند کریں۔ عالمی سطح پر مسلمانوں کو ظلم سے نجات دلانے کیلئے مستحکم اور اسلامی پاکستان ہی موثر کردار ادا کر سکتا ہے او رجمعیت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام میں اسلامی سیاست کا شعور بیدار کرے۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن اور کرپٹ حکمرانوں اور سیاستدانوں سے ملک وقوم کو نجات دلانا وقت کا اہم ترین فریضہ ہے، جمعیت کے کارکن پورے ملک میں اس کی فضا پیدا کرنے کیلئے جدوجہد کریں۔