وزیراعظم کی چیف جسٹس سے ملاقات بلاوجہ نہیں، نتائج پر نظر رکھیں گے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ وزیراعظم کی چیف جسٹس سے دو گھنٹے کی ملاقات بلاوجہ نہیں تھی۔لیکن ہم اس کے نتائج پر نظر رکھیں گے۔سیاست کو ٹھیک کرنے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔گھر کی لونڈی سمجھنے والوں سے سیاست کو آزاد کراکر اسے جھونپڑی تک لے جانا ہے۔ عالمی اسٹیبلشمنٹ کے غلام سیاست دان ذاتی ترقی تو کرسکتے ہیں ملک و قوم کی کوئی خدمت نہیں کرسکتے ۔موجودہ حکومت اس لیے رو دھو رہی ہے کہ وہ ڈلیور کرنے میں ناکام رہی ہے اور عوام کا اعتماد کھو چکی ہے۔ متحدہ مجلس عمل کی بحالی ملک کے لیے رحمت اور قوم کے لیے اللہ کا انعام ہے۔ہم نے ہر مکتبہ فکر کی بڑی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کردیا ہے۔اب عوا م بھی فروعی اور معمولی اختلافات سے نکل کر پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی و فلاحی مملکت بنانے کے لیے متحد ہوجائیں اور 2018ء کے انتخابات میں ملک پر مسلط مغرب و امریکہ کے ذہنی غلاموں کا ووٹ کی قوت سے بوریا بستر گول کردیں۔ظلم و جبرکے نظام سے نجات کے لیے قوم کو متحد ہونا پڑے گا۔نظام مصطفی کا قیام ایم ایم اے کی جدوجہد کا اصل مقصد ہے اور ملک میں شریعت کا نفاذ ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ہماری لڑائی فرد واحد یا کسی خاندان سے نہیںظلم پر مبنی استحصالی نظام سے ہے۔ چیف جسٹس نو منتخب سینیٹرز سے بیان حلفی لیں کہ کس نے ووٹ خریدے اور بیچے ہیں۔منصورہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے اوکاڑہ میں جماعت اسلامی ساہیوال ڈویثرن کے ارکان کے اجتماع سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندئو ں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میاں مقصود احمد، قیصر شریف بھی موجودتھے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک پر مسلط رہنے والے سیکولر اور لبرل ٹولے نے پاکستان کو دنیابھر میں بدنام کردیا ہے اور حکمرانوں کی کرپشن کی وجہ سے ہمارا بچہ بچہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کا غلام بنا دیا گیا ہے۔ غربت ،مہنگائی ،بے روزگاری اور بدامنی اسی کرپٹ ٹولے کے تحفے ہیں۔ جاگیردارکاشتکاروں، کسانوں،اور مزدوروں کا استحصال کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر مسلط شوگر مافیا لینڈ اور کرپشن مافیا سے نجات کا ایک ہی راستہ ہے کہ عوام ان لیٹروں کیخلاف ایم ایم اے کے جھنڈے تلے جمع ہوجائیں اور آئندہ انتخابات میں اپنے ووٹ کی طاقت سے ظلم و جبر کے اس شکنجے کو توڑ دیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی 08اپریل کو مینار پاکستان پر پنجاب بھر کے نوجوانوں کو جمع کرے گی اور بانی پاکستان قائد اعظمؒ کی قیادت میں قوم نے 23مارچ 1940ء کو جس تحریک کا آغاز کیا تھا اس تحریک کی روشنی میں پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے عزم کا اعادہ کیاجائے گا۔