• news

غیر ملکی سرمایہ کار مختلف شعبوں میں مواقع سے فائدہ اٹھائیں: صدر ممنون

اسلام آباد (صباح نیوز)صدر مملکت ممنون حسین کو بوٹسوانا ، ایکواڈور اور فن لینڈ کے نامزد سفیروں نے اپنی اسناد سفارت پیش کردیں۔اس سلسلے میں بدھ کو ایوان صدر میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، بعد ازاں سفیروں نے صدر مملکت سے الگ الگ ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے سفیروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یورپ ، افریقہ اور جنوبی امریکہ سمیت تمام ممالک کے ساتھ سفارتی و تجارتی تعلقات کے مزید فروغ کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بین الاقوامی برادری کا ایک ذمہ دار رکن ہے اور تمام کثیر الجہتی اور بین الاقوامی فورموں پر دیگر ممالک کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے ملکر کام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی اختیار کردہ موثر پالیسیوں کی بدولت پاکستان کے اقتصادی اعشاریئے بہتر ہوئے ہیں جس کا اعتراف بین الاقوامی معاشی اداروں نے بھی کیا ہے۔ صدر مملکت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ساز گار فضا اور بھرپور کاروباری مواقع موجود ہیں۔ صدر مملکت نے پاکستان میں متعین نئے سفیروں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے اپنے ملکوں کے موجودہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے کام کریں گے۔قبل ازیں نامزد سفرابگھی میں سوار ہو کر ایوان صدرکے مرکزی دروازے پر پہنچے اس موقع پر پاکستان اور متعلقہ ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور نامزد سفیروں کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن