• news

ٹڈاپ سکینڈل : سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور دیگر پر فردجرم عائد ، ملزموں کا جرم سے انکار

کراچی ( آن لائن‘ این این آئی) اینٹی کرپشن عدالت نے ٹڈاپ سکینڈل میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور دیگرملزموں پر فرد جرم عائد کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی اینٹی کرپشن عدالت میں ٹڈاپ سکینڈل کی سماعت ہوئی جس کے دوران سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ عدالت نے 26 مقدمات میں سابق وزیر اعظم سمیت دیگر ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد کردی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔ دوران سماعت جب فرد جرم عائد کی گئی تو جج نے یوسف رضا گیلانی کو الزام پڑھ کر سنایا اور کہا ’آپ کے اکائونٹ میں 50 لاکھ روپے ٹرانسفر ہوئے ہیں جو آپ نے وزیر اعظم ہائوس میں وصول کیے، کیا آپ اس الزام کی تصدیق کرتے ہیں ؟‘۔ جج کے سوال پر پہلے تو یوسف رضا گیلانی اِدھر اْدھر دیکھتے رہے جس کے بعد انہوں نے پوچھا کیا یہ سوال مجھ سے کیا جارہا ہے؟۔ یوسف رضاگیلانی نے خود پر عائد کیے جانے والے الزامات کو غلط قرار دیا اور کہا کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔عدالت نے استغاثہ کے گواہان کو 16 اپریل کو طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔ 2012 میں ٹڈاپ سکینڈل سامنے آیا تھا جس میں قرار دیا گیا تھا کہ جعلی کاغذات کے ذریعے جعلی کمپنیوں کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچایا گیا ہے۔ کیس میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف 26 مقدمات قائم ہیں ، ملزمان پر فریٹ سبسڈی کی مد میں 7 ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔دیگر ملزمان میں طارق اقبال پوری، عبدالکریم دا ئود پوتا، محمد زبیراور عدنان زمان شامل ہیں۔ مقدمے میں 10سے زائد ملزمان اشتہاری بھی ہیں۔سماعت کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں یوسف رضا گیلانی نے کہاانہوں نے ایک ہی درخواست کی کہ ان کا جو فرنٹ مین ہے وہ کون ہے اس کی شکل ہی دکھادیں۔سیاسی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ میاں نواز شریف کو احساس ہوا کہ ان کی غلطی تھی۔ وزیراعظم کی چیف جسٹس سے ملاقات پرلوگ باتیں کررہے ہیں۔ اپنے دور میں ایک دفعہ چیف جسٹس کے پاس ڈنر میں گیا تھا جو میڈیا میں بھی آیاتھا۔اضافہ شاہد خاقان عباسی کے چیئرمین سینٹ سے نہ ملنے کے بیان پر سابق وزیراعظم نے اس طرز عمل کو پارلیمنٹ کی توہین قرار دیا۔سابق وزیراعظم نے کہاکہ پیپلزپارٹی آئین و قانون کی پاسداری کرتی ہے جس کے واضح مثال میں آپ کے سامنے کھڑا ہوں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا ان جھوٹے مقدمات کو ختم کیا جائے جن میں کوئی گواہ ہی نہیں ہے۔یوسف رضا گیلانی کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے میڈیا سے بات چیت میںتمام کیسز کو جھوٹاقرار دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم پر ایسے الزام لگانا ریاست کی توہین ہے، ان کیسز کے پیچھے کون ہے ،سب پتہ ہے لیکن نام نہیں لینے چاہتا۔

ای پیپر-دی نیشن