پاکستان کا مستقبل تابناک ، خوشحالی کی جانب بڑھ رہے ہیں : شہباز شریف
لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ روشن پاکستان کا مستقبل نئی نسل کی جدوجہد سے وابستہ ہے۔ نئی نسل بھرپور صلاحیتوں کی مالک اور ملک کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے۔ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے، ترقی و خوشحالی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ پاکستان ہم سب کا ہے اور مل کر اسے توانا و خوشحال بنانا ہے۔ ملک کی ترقی کے لئے محنت، دیانت اور امانت کو شعار بنانا ہوگا۔ پنجاب میں تعلیمی شعبہ کی ترقی کے لئے انقلابی اقدامات کے خاطرخواہ نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ شہبازشریف نے لندن میں نوجوانوں کے وفد سے گفتگو میں کہا نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کئے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ صوبے میں جدید علوم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہیں۔ خوشحالی کا سفر نوجوانوں کو ترقی کا انجن بنا کر ہی طے کیا جاسکتا ہے۔ حکومت نے نوجوانوں کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے بے مثال پروگرام شروع کئے ہیں۔ قوم کے تابناک مستقبل کیلئے نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنے پر اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے 20 لاکھ نوجوانوںکو ہنرمند بنانے کے ہدف کی جانب سے تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور پنجاب سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اب تک لاکھوں نوجوان باعزت روزگار کما رہے ہیں۔ میرٹ ہی ترقی اور آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے اور ترقی کے تمام پروگراموں میں میرٹ کو اولیت دی گئی ہے۔ نوجوان نسل کی تعلیم وتربیت کیلئے وسائل کی فراہمی میں کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ ہم نے ہمیشہ عوام کی خدمت کو نصب العین بنایا اور ہمارا ماضی اور حال عوامی خدمت اور ملک کی ترقی کے اقدامات سے عبارت ہے۔ شہبازشریف نے فیصل آباد میں 20 سالہ طالبہ کے اغوا کے بعد قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او فیصل آباد سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ شہبازشریف نے بادشاہی مسجد کے خطیب مولاناعبدالخبیرآزادکے چچا کے انتقال، سکھر میں گودام کی چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔