• news

پنجاب حکومت کا لاہور میں ائیر پورٹ کے قریب ایک اور کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کرنے پر غور

لاہور (حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پنجاب حکومت کا لاہور میں ائیر پورٹ کے قریب ایک اور کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے بعد لاہور میں بین الاقوامی معیار کا ایک اور کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کرنا چاہتے ہیں تاکہ مستقبل میں غیرملکی ٹیموں کی آمد کے موقع پر شہر کے مرکز میں واقع قذافی سٹیڈیم میں میچوں کے انعقاد کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا رہتا ہے۔ غیر ملکی ٹیموں کی آمد کے موقع پر زندگی کو معمول پر رکھنے کے لیے نئے کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر کے حوالے سے منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔ پنجاب حکومت کی اعلی شخصیات نے اس حوالے سے مشاورت شروع کر دی ہے۔ نئے کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر میں غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے فائیو سٹار ہوٹل اور دیگر سفری ضروریات کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال لاہور میں پاکستان سپر لیگ فائنل، ورلڈ الیون اور سری لنکن ٹیم کے خلاف اور رواں سال لاہور میں پی ایس ایل کے دو میچز کے کامیاب اور پرامن انعقاد کے بعد مستقبل میں دیگر اہم مقابلوں کی میزبانی کے پیش نظر نئے سٹیڈیم کی تعمیر کے حوالے سے مشاورت شروع کر دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلہ میں مسلم لیگ(ن) کے صدر اور مسلسل دو مرتبہ صوبے کے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی بھی شامل ہے۔ ابتدائی مشاورت میں ہوائی اڈے کے قریب سٹیڈیم کی تعمیر پر مشاورت کی گئی ہے اس ضمن میں تماشائیوں کے سٹیڈیم تک آنے کے لیے رنگ روڈ کی سہولت پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔ رواں سال پنجاب حکومت کی آئینی مدت بھی ختم ہو رہی ہے دیکھنا یہ ہے کہ آنیوالے دنوں میں اس حوالے سے کام کیسے ہو گا کیونکہ شہباز شریف کی صوبے میں حکمرانی کی آئینی مدت ختم ہونے میں زیادہ وقت باقی نہیں بچا۔

ای پیپر-دی نیشن