• news

نیکٹا کو پیغام پاکستان پر عملدرآمد کی ذمہ داری دی جائے: چیئرمین اسلامی نظریہ کونسل

اسلام آباد (این این آئی) چیئرمین اسلامی نظریہ کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ نیشنل کاﺅنٹر ٹیررزم اتھارٹی( نیکٹا) کو پیغام پاکستان پر عملددرآمد کی ذمہ داری سونپی جائے، پاکستان کا نام گرے لسٹ میں آنا تشویشناک ہے، زمینی نقصان نہ بھی ہوں تو بین الاقوامی دنیا میں پاکستان کا منفی تاثر جائے گا۔ ادارہ تحقیق و تعلیم کے زیر اہتمام ”پیغام پاکستان کے بعد“ کے موضوع پر منعقدہ مباحثہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ تمام مکاتب فکر کے علماءکے تعاون سے قومی بیانیہ سامنے آیا، پیغام پاکستان کو اسلامی نظریہ کونسل کی تائید حاصل ہے،اس بیانیہ کو مدارس کے نصاب کے ساتھ یونیورسٹیز کی نصاب کابھی حصہ بنانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ سول و ملٹری اداروں کی جانب سے ابھی ٹھوس اقدامات نظر نہیں آرہے،پیغام پاکستان کو باضابطہ قانون کا حصہ بنانے کیلئے قانون سازی کرنے کی ضرورت ہے جس کیلئے ابھی تک ریاست متحرک نظر نہیںآرہی ،میڈیا کو پیغام پاکستان کی اہمیت کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کرنا ہوگا، عوامی حقوق کا خیال رکھنا میڈیا کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ایک دوسرے کیخلاف کفر کے فتوے کو اسلامی اصولوں کے خلاف قرار دیتے ہوئے ریاست سے ٹھوس ایکشن لینا کا مطالبہ کیا ہے،اب یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ اس اہم قومی بیانیہ کو پوری قوم تک پہنچائے، ادارہ تحقیق و تعلیم کے سربراہ خورشید ندیم نے کہا کہ پیغام پاکستان وقت کی اہم ضرورت تھی،قوم نے اس بیانیہ کی اونرشپ لے لی مگر حکمرانوںنے ابھی تک نہیں لی جب تک پیغام پاکستان کی اونرشپ ریاستی سطح پر نہیں لی جاتی اس وقت تک قومی بیانیہ نہیں بن سکتا۔
چیئرمین نظریہ کونسل

ای پیپر-دی نیشن