سلامتی کونسل نے حوثی شدت پسندوں کی طرف سے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت
نیویارک(این این آئی+ اے ایف پی)سلامتی کونسل نے یمن کے ایران نواز حوثی شدت پسندوں کی طرف سے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ حوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملے خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق سلامتی کونسل کے اجلاس میں سعودی عرب پر حوثی شدت پسندوں کے حملوں پر خصوصی بحث کی گئی۔مقررین نے سلامتی کونسل کے اجلا سے خطاب میں یمنی باغیوں کو اسلحہ کی ترسیل روکنے سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد 2216 پر مکمل طورپر عمل درآمد پر زوردیا۔خیال رہے کہ جون 2015ءکے بعد یمن کے حوثی باغی سعودی عرب پر 104 بیلسٹک میزائل حملے کرچکے ہیں۔ فرانس نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ یمن میں فعال حوثی باغیوں کو اسلحہ فراہم کر رہا ہے۔سعودی عرب کو حوثی باغیوں کے حملوں کا سامنا ہے، جنہیں ایران مسلح کر رہا ہے، غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانسیسی وزیر خارجہ ڑاں ایو لیدریاں نے جمعرات کے دن ایک مقامی ریڈیو سے گفتگو میں کہا کہ یمن میں قیام امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ وہاں سیاسی عمل کا شروع نہ ہونا ہے۔