سابق حکمرانوں نے غریبوں کو لوٹا‘ عمران نیازی یوٹرن کے عالمی ریکارڈ ہولڈر ہیں: شہباز شریف
لاہور(خبر نگار) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا دور خدمت، امانت، دیانت اور شفافیت سے عبارت ہے اور عوام کی خدمت کے سفر میں ہم نے اپنا خون پسینہ بہایا ہے۔ اپنے صوبے میں بدترین کارکردگی دکھانے والوں نے صرف جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی اور دھرنا گروپ نے عوام کی خدمت کے سفر کو روکنے کی سازش کی ہے۔ عمران نیازی نے بے بنیاد الزامات اور جھوٹ بول کر عوام میں اپنی ساکھ کو خراب کیا ہے اور انہوں نے یوٹرن لینے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے اور یہ عناصر عوام کی خدمت کے جذبے سے یکسر عاری ہیں۔ ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے اور آخری دم تک ملک وقوم کی خدمت کرتے رہیں گے۔ لندن میں مسلم لیگ (ن) کے وفد سے بات چیت میں انہوں نے کہا ہے کہ دھرنوں کے ذریعے ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے عمل کو روکنے کی کوشش کی گئی اوران عناصر کی ضد اور ہٹ دھرمی کے باعث ترقیاتی منصوبوں میں ہونیوالی تاخیر سے عوام کا بے حد نقصان ہوا۔ اگر یہ عناصر ملک و قوم کی خاطر ہوش کے ناخن لیتے تو مشکلات میں گھری قوم کا کچھ بھلا ہوتا۔ اپنے ذاتی مفادات کے حصول کی خاطر ان عناصر نے قوم پر بڑا ظلم کیا ہے۔ ملک و قوم کی ترقی کے دشمن ان عناصر کو 2018 کے انتخابات میں عوام کے غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جھوٹ، انتشار اور بے بنیاد الزام تراشی کی سیاست سے ملکی مفادات کو ٹھیس پہنچی ہے اورملکی مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دینا عوام کیساتھ مذاق کے مترادف ہے۔ اربوں روپے کے قرضے معاف کرانے والے کس منہ سے کرپشن کے خاتمے کی بات کرتے ہیں۔ شفافیت اور خدمت کی سیاست نے ہر موقع پربہتان طرازی اورجھوٹ کی سیاست کو شکست دی ہے۔ باشعور عوام نے دھرنا دینے والوں اور ماضی میں کرپشن کے ریکارڈ بنانے والوں کو پہلے بھی مسترد کیا اور آئندہ بھی کرینگے۔ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کیلئے جھوٹ، انتشار اور بے بنیاد الزامات کی سیاست کا خاتمہ ضروری ہے۔ پاکستان ہم سب کا ہے اور اسے آگے لیجانے کیلئے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ توانائی بحران، بیمار معیشت اور تباہ حال ادارے سابق کرپٹ حکمرانوں کے تحفے تھے۔ سابق حکمرانوں نے غریب عوام کی محنت کی کمائی کو بے دردی سے لوٹا اور ان کے حق پر ڈاکہ ڈالا۔ میرٹ کو پامال کرکے باصلاحیت نوجوانوں کو ان کے حق سے محروم کیا گیا۔ سابق حکمرانوں نے اپنے دور حکومت میں لوٹ مار اور کرپشن کا ایسا بازار گرم کیا جسے قوم کبھی بھلا نہیں سکتی۔ انہوںنے کہا کہ ان حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ مار کے باعث ہی ملک میں غربت، افلاس اور مایوسی کے بادل چھائے ہوئے تھے۔ ترقیاتی منصوبوں کے نام پر اپنی جیبیں بھرنے والوں نے غریب عوام کا حق چھینا۔ تبدیلی کے نعرے لگانے والوں نے ترقی کے سفر کو تنزلی کا سفر بنانے کی کوشش کی۔ دھرنوں اور لاک ڈائون کے ذریعے ان عناصر نے معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ ہمارا دامن صاف ہے اور ایک پائی کی کرپشن کا الزام نہیں۔ بین الاقوامی اداروں نے بھی پاکستان میں شفافیت میں اضافے پر تصدیق مہر ثبت کی ہے۔ عوام کی خدمت صرف محنت، امانت اور دیانت سے ہوتی ہے۔ دشنام طرازی، جھوٹ او رالزام تراشی کی منفی سیاست قوم کی منزل کھوٹی کرتی ہے۔ پاکستان کو ’’ہم ‘‘کی طاقت سے آگے لیکر جانا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ اگر ہم محنت، دیانت اور امانت کے راستے پر چل کر قوم کو عظیم بنا نے کا فیصلہ کر لیں تو ان شاء اللہ پاکستان ضرور عظیم ملک بنے گا۔شہبازشریف نے جنرل ہسپتال لاہور میں مریض کو ہوش میں رکھ کر دماغ کی رسولی کے کامیاب آپریشن پر پروفیسر آف نیورو سرجری ڈاکٹر خالد محمود اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ نوجوان ڈاکٹروں کو اس جدید تحقیق سے استفادہ کرنا چاہئے۔ شہباز شریف نے معروف صنعتکار میاں احسان اللہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے۔