نیشنل سٹیڈیم کراچی میں 9سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ میلہ کل سجے گا ، کالی آندھی آج پہنچے گی
لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان کیخلاف 3ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کیلیے ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم آج ہفتے کی شب دو مختلف پروازوں سے کراچی پہنچے گی۔نیشنل سٹیڈیم میں سیریز سے قبل ٹی 20کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کا پہلا گروپ ہفتے کی رات ساڑھے 9 بجے اور دوسرا گروپ رات سوا 12 بجے دبئی سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے گا۔ایک ساتھ نشستیں نہ ملنے کے باعث ٹیم دوگروپوںمیں پاکستان پہنچے گی۔ ایئرپورٹ سے ٹیم کو سخت پہرے میں ہوٹل پہنچایا جائے گا۔ اتوار کو پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا جائے گا جبکہ منگل کی شب کراچی میں آخری ٹی ٹونٹی کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم سٹیڈیم سے سیدھا ایئرپورٹ جائے گی اورکراچی سے براستہ دبئی واپسی کے لیے اڑان بھرے گی۔ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے پاکستان کا دورہ کرنے والی ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کراچی میں اہم کھلاڑیوں کی خدمات سے محروم ہے۔ پہلے میچ سے قبل مہمان ٹیم کا کوئی پریکٹس سیشن ہوگا نہ ہی ٹیم کے کپتان سیریز سے قبل روایتی پری سیریز پریس کانفرنس کریں گے جبکہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے کپتانوں کے درمیان ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن بھی نہیں رکھا گیا ہے۔ پی سی بی نے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی مصروفیات کے شیڈول کا باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے۔بورڈ کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز ٹیم کو کراچی میں صدارتی سکیورٹی دی جائیگی، مہمان ٹیم کو جہاز سے رن وے پر لایا جائیگا، جہاں سے بلٹ پروف کوسٹرز پر انہیں کڑے پہرے میں ہوٹل منتقل کیا جائیگا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 2006 ء کے بعد پہلی بار پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔،جبکہ 2009 ء میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد زمبابوے اور سری لنکا کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرنے والی تیسری ٹیم ہے۔ گزشتہ سال اکتوبر میں ورلڈ الیون نے بھی لاہور میں تین میچ کھیلے تھے، تاہم کراچی میں 9 سال بعد پہلی بار کوئی ٹیسٹ ٹیم میچ کھیلے گی۔ ٹونٹی سیریز کا پہلامیچ رات 8بجے شروع ہوگاجبکہ تین میچز کی سیریز کے دوسرے دونوں میچزرات ساڑھے سات بجے شرو ع ہوں گے۔