• news

ویمنزکرکٹ : سری لنکا نے پاکستان کو دوسرا ٹی 20 میچ ہرا کر سیریز برابرکردی

لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس رپورٹر)سری لنکا ویمن نے پاکستان ویمن کو دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 7 وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی، فاتح ٹیم نے 73 رنز کا ہدف 15ویں اوور میں 3 وکٹوں پر پورا کیا۔ سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان ویمن ٹیم 18.4 اوورز میں 72 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، کپتان بسمعہ معروف 20، ثناء میر 13 اور سدرہ امین 10 رنز بنا کر نمایاں رہیں جبکہ باقی کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکیں، ناہیدہ خان 5، جویریہ خان 3، ندا ڈار 4، کائنات امتیاز ایک، فریحہ محمود 5، ناشرہ اور غلام فاطمہ بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئیں، ششیکالا سری وردنے نے چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ سری لنکا ویمن نے ہدف 14.2 اوورز میں 3 وکٹوں پر حاصل کیا، سنجی وانی 20 رنز بنا کر نمایاں رہیں، وان ڈارٹ 19 اور ششیکالا سری وردنے 6 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں، ناشرہ اور ندا نے ایک، ایک وکٹ لی۔ آخری اور فیصلہ کن ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ آج کھیلا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن