حکومت واضح کرے وزیراعظم اور چیف جسٹس کی ملاقات میں کیا بات ہوئی: خورشید شاہ
سکھر (نوائے وقت رپورٹ) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پی پی عبادت کی سیاست کرتی ہے۔ نہ نفرت کی سیاست کرتے ہیں نہ کارکنوں کو سکھاتے ہیں، آج کی سیاست نے بیمار کر دیا ہے۔ جلسہ سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے اپنے والد سے کیا وعدہ پورا کیا آج بھی کہتے ہیں اقتدار کیلئے نہیں بلکہ خدمت کیلئے سیاست کرو۔ نوجوان ایک سیاسی جماعت کے گمراہ کن نعرے میں پھنس گئے ہیں۔ سیاستدان آج اپنے مسائل میں الجھے ہوئے ہیں ایسی سیاست چاہتے ہیں کہ لوگوں کو روزگار ملے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ پارلیمنٹ اور اداروں کو اپنا اپنا کام کرنا چاہئے۔ قانون سب کے لئے برابر ہونا چاہئے۔ نیب کو چاہئے جب تک ثابت نہ ہو کسی کا نام سامنے نہ لائے کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ نیب بلاامتیاز احتساب کرے۔ الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں۔ اس حق میں نہیں کہ الیکشن میں ایک دن بھی تاخیر ہو۔ آج کے لیڈر گالم گلوچ اور اداروں سے ٹکراتے ہیں۔ ایک لیڈر کہتا ہے مجھے کیوں نکالا؟ بھٹو کو پھانسی دی گئی تو یہ نہیں کہا کیوں پھانسی دی؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت واضح کرے چیف جسٹس اور وزیراعظم کی ملاقات میں کیا بات ہوئی۔ دو گھنٹے کی ملاقات میں صرف پانی اور کچرے پر تو بات نہیں ہوئی ہو گی۔ غریب کسان پھر سے بدحالی کی طرف جا رہا ہے ملک کی معیشت مزید بدحال ہو گئی ہے۔
خورشید شاہ