پٹرول 2.07 ‘ ہائی سپیڈ ڈیزل دو روپے لٹر‘ سستا مٹی کے تیل کی قیمت برقرار
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی حکومت نے اپریل کے لئے پٹرول کی قیمتوں میں 2روپے سات پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 2روپے فی لیٹر کمی کردی ہے۔ اپریل میں پٹرول کی نئی قیمت 86روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 96روپے 45پیسے ہوگی۔ اپریل میں مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر قیمت مارچ کی سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 76روپے 46پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر قیمت 65روپے 30پیسے ہوگی۔اوگرا نے پٹرول کی قیمت میں 5روپے سے زائد فی لیٹر کمی کی سفارش کی تھی تاہم پٹرول کی قیمت میں کمی کا مکمل ریلیف صارفین کو نہیں دیا گیا۔اوگرا نے اپریل میں ڈیزل کی قیمت میں 65پیسے فی لیٹر کمی کرنے کی سفارش کی تھی تاہم حکومت نے 2روپے فی لیٹر کا ریلیف دیا۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل پر سیلز ٹیکس میں اضافہ کردیا اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول پر سیلزٹیکس میں 4.5 فیصد کا اضافہ کر دیا گیا۔ پٹرول پر سیلز ٹیکس 17 فیصد سے بڑھا کر 21.5 فیصد کردیا گیا ہائی سپیڈ ڈیزل پر سیلز ٹیکس میں 2 فیصد کا اضافہ کر دیاگیا۔ ہائی سپیڈ ڈیزل پر 27.5 فیصد کی شرح سے سیلزٹیکس لاگو کر دیا گیا اس سے قبل ہائی سپیڈ ڈیزل پر 25.5 فیصد کی شرح سے سیلز ٹیکس عائد تھا مٹی کے تیل پر سیلز ٹیکس کی شرح 17 فیصد پر تعداد رہے گی لائٹ ڈیزل پر سیلز ٹیکس کی شرح 17 فیصد سے کم کر کے 16.5 فیصد مقرر کر دی گئی نئی شرح کا اطلاق اپریل سے ہوگا۔