• news

مجھے اپنی مٹی اور ثقافت پر فخر ہے: ملالہ‘ ساڑھے5 سال بعد سوات آمد پر آبدیدہ

سوات (این این آئی+آئی این پی)نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی ساڑھے 5 سال بعد اپنے آبائی علاقے سوات پہنچ گئیں۔ملالہ یوسفزئی بذریعہ ہیلی کاپٹر اسلام آباد سے سوات پہنچیں، جہاں اعلیٰ فوجی حکام نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔اپنے آبائی علاقے آمد کے موقع پر ملالہ آبدیدہ ہوگئیں۔ اس موقع پر ان کے والد نے انہیں دلاسہ دیا۔اس دورے کے دوران ملالہ اپنے آبائی گھر اور کیڈٹ کالج سوات بھی گئیں اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔ملالہ یوسفزئی نے لکھا حملے کے تقریباً ساڑھے 5 سال بعد وادی سوات کا یہ میرا پہلا دورہ ہے۔ مجھے اپنی مٹی اور اس کی ثقافت پر فخر ہے۔ کیڈٹ کالج نہایت خوبصورت ہے اور میں اپنے خیر مقدم پر پرنسپل اور عملے کی شکر گزار ہوں۔ دعائیں اور نیک تمنائیں۔وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب بھی دورہ سوات میں ملالہ یوسف زئی کے ہمراہ گئیں۔کل مکئی نے سوات کیڈٹ کالج کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کالج سٹاف سے بھی ملاقات کی۔ملالہ یوسفزئی نے سوات کالج میں طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تعلیم مکمل کرکنے کے بعد سوات واپس آئوں گی۔ سوات آکر بہت خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا سوات جنت کا ٹکڑا ہے۔ دنیا میں ایسی جگہ نہیں ہے۔ سوات میں فورسز کی قربانیوں کے بعد امن آیا ہے۔ اپنے گھر آکر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن