تھرپارکر: غذائی قلت اور وبائی امراض سے مزید 6بچے دم توڑ گئے
کراچی (صباح نیوز) سندھ کے ضلع تھرپارکر میں غذائی قلت اور وائرل انفیکشن کے نتیجے میں 24 گھنٹوں کے دوران کم ازکم 6 نوزائیدہ بچے جاں بحق ہوگئے۔ہسپتال ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ضلع تھرپارکر کے مختلف ہسپتالوں میں بچوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔محکمہ صحت کے ذرائع نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ متاثرہ بچوں کو مٹھی سول ہسپتال اور علاقے کے دیگر سرکاری ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ جاں بر نہ ہوسکے جس کے بعد غذائی قلت اور وائرل انفیکشن کے نتیجے میں رواں ماہ بچوں کی ہلاکتوں کی تعداد 47 تک پہنچ گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تھر میں رواں سال اب تک 155 بچے جاں بحق ہوچکے ہیں۔ ضلع تھرپارکر میں نوزائیدہ بچوں کی ہلاکت کے حوالے سے موقف جاننے کے لیے ضلعی محمکہ صحت کے افسران اور سول ہسپتال مٹھی کے سول سرجن سے متعدد بار رابطے کی کوشش کے باوجود کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
تھرپارکر